جدہ سپرڈوم میں ’گولڈ ایگزیبیشن‘ شروع، 130 برانڈز شریک
جدہ سپرڈوم میں ’گولڈ ایگزیبیشن‘ شروع، 130 برانڈز شریک
جمعہ 9 جنوری 2026 19:10
نمائش پانچ دن جاری رہے گی سعودی کمپنیاں بھی شریک ہیں (فوٹو، ایس پی اے)
دنیا کے سب سے بڑے گنبد ’جدہ سپرڈوم‘ میں گولڈ ایگزیبیشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ جدہ سیزن کے تحت ہونے والی سونے کے زیورات کی نمائش میں چار سعودی کمپنیاں اور 130 برانڈز شرکت کررہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ ایس پی اے‘ کے مطابق سونے کے زیورات کی نمائش پانچ دن جاری رہے گی جس میں دنیا کی اس قیمتی دھات سے بنے ہوئے نت نئے ڈیزائنوں کو پیش کیا جائے گا۔
گولڈ ایگزیبیشن میں سونے کے روایتی زیورات کے علاوہ جدید فیشن اور ماڈلز کو بھی پیش کیا جائے گا۔ نمائش میں خاص بات یہ ہے کہ یہاں آنے والے زائرین براہ راست خریداری بھی کرسکیں گے جبکہ سونے کے زیورات کی تیاری کے بارے میں بھی لوگوں کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔
سونے کی تیاری کے حوالے سے ورکشاپس کا بھی انتظام کیا گیا ہے(فوٹو،ایس پی اے)
نمائش میں معلوماتی ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں خام سونے کے صفائی اور پالیشنگ کے علاوہ زیورات پرنقش ونگار بنانے کے مراحل سے آگاہ کیا جائے گا۔
جدہ گولڈ ایگزیبیشن میں مختلف سرکاری اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ادارے بھی شرکت کررہے ہیں جن کے بوتھس پر براہ راست زائرین کے سوالات کے جوابات بھی دیئے جائیں گے۔