مکہ ونٹر سیزن: ’اتاریک گلوبل ویلج‘ مختلف ملکوں کے ورثے کی نمائش
مکہ ونٹر سیزن کے تحت ’اتاریک گلوبل ویلج کے عنوان سے شروع کیے جانے والے پروگرام میں عربی و اسلامی متنوع معاشری سرگرمیاں پیش کی جا رہی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پروگرام میں روایتی مقامی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے جس سے علاقائی سیاحت کو بھی فروغ ملا اور خانگی تفریح کے مواقع بھی میسر آئے۔
گلوبل ویلج میں مختلف ممالک کی نمائندگی کرنے والے پویلین موجود ہیں جن میں مصر اور شام شامل ہیں۔
سٹالز پر مختلف ممالک کی صنعت و دستکاری کی اشیا رکھی گئی ہیں جبکہ علاقائی پکوانوں سے بھی وزیٹرز کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
’اتاریک گلوبل ویلج‘ میں متنوع سرگرمیوں میں سب سے منفرد ماضی کی عکاسی ہے جسے ’ہمارا محلہ‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔

اس عنوان کے تحت مکہ کی قدیم ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے پرانے مکانوں اور ملبوسات کے ساتھ ساتھ عہدِ رفتہ کی سماجی زندگی کو بیان کیا جا رہا ہے۔
’ہمارا محلہ‘ کارنر میں سعودی عرب کا پویلین انتہائی منفرد ہے جہاں مملکت کے مختلف علاقوں کے رہن سہن اور علاقوں کی طرزِ زندگی اور ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔
واضح رہے مکہ ونٹر سیزن کے تحت منعقدہ تفریحی سرگرمیاں اپریل 2026 تک جاری رہیں گی اس دوران توقع ہے وزیٹرز کی تعداد 8 لاکھ سے زیادہ ہوگی۔
