آج کے دور میں جہاں ایک طرف مہنگی ٹیکنالوجی نوجوانوں کی پہنچ سے باہر ہے، وہیں نوجوان شاہ زیب نے ویڈیو گیم کو عام نوجوان تک پہنچانے کے لیے اسے کرایے پر دینے کا کاروبار شروع کر دیا ہے۔
ماضی میں اسی طرح سی ڈی پلیئر اور وی سی آر کرائے پر دیے جاتے تھے، مگر اب جدید دور میں گیمنگ اس کا حصہ بن گئی ہے۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب نے اردو نیوز کو بتایا کہ میرے دوست گیم کھیلنے کے لیے میرا ذاتی ویڈیو گیم کنسول استعمال کرتے تھے، تب میرے ذہن میں خیال آیا کہ کیوں نا جو نوجوان مہنگے گیمنگ کنسولز خریدنے سے قاصر ہیں انہیں یہ کرائے پر دینے کا کاروبار شروع کیا جائے۔
’تب سے میں نے چار کنسولز خریدے اور اب میں ان کو کرائے پر دے رہا ہوں۔ اس سے نہ صرف نوجوانوں کو اپنا شوق پورا کرنے کا موقع مل رہا ہے بلکہ میں اپنی تعلیم کے اخراجات بھی نکال رہا ہوں۔‘
ویڈیو گیم کنسول کا کرایہ کتنا ہے؟
شاہ زیب نے کہا کہ ’میں ویڈیو گیم کنسول پی ایس فائیو ایک دن کے حساب سے پانچ ہزار روپے کرایہ پر دے رہا ہوں جس کے ساتھ ایک گیم کھیلنے کے لیے مفت ہو گی۔ اگر کوئی بندہ زیادہ گیمز لینا چاہے تو پھر پانچ سو روپے فی گیم رینٹ چارج ہو گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ پی ایس فائیو کنسول کی قیمت مارکیٹ میں ایک لاکھ 90 ہزار روپے ہے جبکہ اس کی ایک گیم کی سی ڈی کی قیمت 18 سے 25 ہزار روپے تک ہے جو ہر کسی کے لیے خریدنا ممکن نہیں۔
شاہ زیب کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں ایسے نوجوان موجود ہیں جو جدید گیمز کھیلنا چاہتے ہیں مگر مہنگے کمپیوٹر یا ویڈیو گیم کنسول خریدنے سے قاصر ہیں۔ یہاں نوجوان فی گھنٹہ 500 سے ایک ہزار روپے دے کر ہائی کلاس گیمز کھیل سکتے ہیں اور اضافی گیمز کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے، تاکہ ہر نوجوان اپنی دلچسپی کے مطابق کھیل سکے۔
شاہ زیب نے بتایا کہ پی ایس فائیو کنسول کی قیمت مارکیٹ میں ایک لاکھ 90 ہزار روپے ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)
انہوں نے بتایا کہ اگر کنسول میں کوئی خرابی آ جائے تو وہ اپنے پیسوں سے اس کو ٹھیک بھی کرواتے ہیں۔
شاہ زیب کے ایک گاہک محمد فیضان علی نے کہا کہ یہ ماڈل نوجوانوں کو مہنگے گیمنگ سیٹ اپ کے بغیر تفریح فراہم کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس اپنا ویڈیو گیم کنسول ہے، پہلے مجھے ایک گیم کی سی ڈی خریدنے کے لیے ہزاروں روپے دینے پڑتے تھے لیکن اب وہی سی ڈی 500 روپے کرائے پر لے کر کھیل کر واپس کر دیتا ہوں۔
شاہ زیب کے مطابق ایک گیم کی سی ڈی کی قیمت 18 سے 25 ہزار روپے تک ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)
شاہ زیب اسلام آباد کی ایک نجی یونیورسٹی میں میڈیا سائنسز کے طالب علم بھی ہیں۔ وہ یونیورسٹی فن فیئرز اور مختلف تقریبات میں اپنا گیمنگ سیٹ اپ انسٹال کرتے ہیں، جس سے ایک طرف انہیں اضافی آمدن حاصل ہوتی ہے، جبکہ دوسری جانب انہیں نوجوانوں میں اپنے اس کاروباری ماڈل کو متعارف کرانے کا موقع بھی ملتا ہے۔