معرکہ حق کے بعد دنیا میں پاکستان کے طیاروں کی مانگ بڑھ گئی: وزیراعظم
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے بعد دنیا میں ہمارے طیاروں کی مانگ بڑھ گئی، دفاعی پیداوار کی صنعت کو فروغ ملے گا۔
بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان ایئر فورس کو تیمور ویپن سسٹم اور پاک بحریہ کو ایل وائی 80 کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد دنیا میں ہمارے لڑاکا طیاروں کی مانگ بڑھ گئی ہے، بہت سے ممالک طیاروں کے حصول کیلئے بات چیت کر رہے ہیں، ہماری دفاعی پیداوار کی صنعت کو اس سے تقویت ملے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط خوش آئند ہے، اس ایم او یو سے ملکی معیشت کو فائدہ ہو گا اور بین الاقوامی ٹرانزیکشن میں آسانی آئے گی۔
پاکستان نے مختصر عرصہ میں اس حوالے سے بڑی پیشرفت کی ہے، اب ڈیجیٹل کرنسی اور ڈیٹا سنٹر کے ذریعے ٹرانزیکشن ممکن ہو گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر جس کی بہت پہلے سے ضرورت تھی اب اس کا آغاز ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں افواج پاکستان ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور رینجرز کی کامیابی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مکمل صفایا کرکے دم لیں گے، پاکستان کامیاب ہو گا۔
