Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان کا مایوس کن آغاز، انگلینڈ نے 37 رنز سے ہرا دیا

آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ 2026  کے گروپ میچ میں انگلینڈ نے جمعے کو پاکستان کو 37 رنز سے ہرا دیا۔
پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو جیت کے  لیے 211 رنز کا ہدف دے دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 173 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
مزید پڑھیں
پاکستان کی جانب سے کپتان فرحان یوسف نے 65 رنز بنائے اور ٹاپ سکورر رہے۔ کپتان کے سوا پاکستان بلے باز انگلینڈ کی بولنگ لائن کے سامنے زیادہ دیر مزاحم نہ ہوسکے۔
پاکستان کے اوپنر سمیر منہاس 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد شایان سات رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں گرین کا شکار بنے۔
عثمان خان چھ، احمد حسین 12، حذیفہ احسن 17، حمزہ اظہار چار، عبد السبحان 14 اور مومن قمر نے 18 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے ایلیکس گرین، جمز منٹو، رالف البرٹ دو دو، جبکہ فرحان احمد اور مینی لمزڈن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جمعہ کو ہرارے میں کھیلے جانے والے اپنے افتتاحی میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 
 پاکستانی بولرز کے سامنے انگلش بیٹرز کھل کر نہ کھیل سکے اور پوری انگلینڈ ٹیم 210 رنز بنا کرآوٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے فیلکنر نے 73 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ علی رضا، عبدالسبحان اور مومن قمر نے 2،2  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹورنامنٹ کے آج کھیلے گئے دیگر مقابلوں میں انڈیا نے امریکہ کو چھ وکٹوں سے شکست دی، جبکہ گروپ بی کے ایک میچ میں ویسٹ انڈیز نے تنزانیہ کو پانچ وکٹوں سے ہرایا۔ ادھر میزبان زمبابوے اور سکاٹ لینڈ کے درمیان شیڈول میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

پاکستان  2004 اور 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے۔ (فوٹو: آئی سی سی)

پاکستانی ٹیم حالیہ عرصے میں اچھی فارم میں رہی ہے۔ قومی انڈر 19 ٹیم نے دبئی میں ہونے والا ایشین انڈر 19 ٹورنامنٹ انڈیا کو بڑے مارجن سے ہرایا جبکہ اس کے بعد زمبابوے میں کھیلی گئی سہ فریقی سیریز میں بھی میزبان ٹیم کو نو وکٹوں سے ہرایا تھا۔
ان نتائج کے بعد لگ رہا تھا کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کا آغاز پراعتماد انداز میں کرے گی۔ تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن انگلینڈ کی بولنگ لائن کے سامنے بے بس نظر آئی۔
پاکستان اس سے قبل 2004 اور 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے۔
یہ ایونٹ 15 جنوری سے 6 فروری تک نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جا رہا ہے، جس میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان کو گروپ سی میں رکھا گیا ہے، جہاں انگلینڈ کے علاوہ سکاٹ لینڈ اور زمبابوے اس کے دیگر حریف ہیں۔
پاکستان گروپ مرحلے میں اپنا دوسرا میچ 19 جنوری کو سکاٹ لینڈ اور آخری میچ 22 جنوری کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گا، دونوں مقابلے اسی میدان میں ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کا سپر سکس مرحلہ 24 جنوری سے یکم فروری تک بولاوایو اور ہرارے میں منعقد ہوگا، جس کے بعد سیمی فائنلز 3 اور 4 فروری کو کھیلے جائیں گے۔ فائنل 6 فروری کو ہرارے سپورٹس کلب میں شیڈول ہے۔
ورلڈ کپ سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم نے تیاری کے لیے وارم اپ میچز بھی کھیلے۔ بنگلہ دیش کے خلاف پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوا، جبکہ دوسرے وارم اپ میچ میں پاکستان نے امریکہ کو 69 رنز سے شکست دی تھی۔
سکواڈ میں علی رضا واحد کھلاڑی ہیں جو گذشتہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
میچ سے قبل ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا تھا کہ  حالیہ تربیتی کیمپ اور مسلسل بین الاقوامی میچز نے کھلاڑیوں کو بہتر ہم آہنگی اور اعتماد فراہم کیا ہے، جبکہ وارم اپ میچز سے زمبابوے کی کنڈیشنز کو سمجھنے میں بھی مدد ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کے لیے پُرامید ہے۔

شیئر: