Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا نے ’پاکستان نژاد امریکی کرکٹر علی خان کا ویزا مسترد کر دیا‘

علی خان نے تین پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کے ویزے مسترد ہونے کی تصدیق کی: تصویرگیٹی امیجز
پاکستان نژاد امریکی فاسٹ بولر علی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا نے ان کا ویزا مسترد کر دیا ہے۔
امریکہ کی ٹیم سات فروری کو ممبئی میں انڈیا کے خلاف 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کا افتتاح میچ کھیلے گی۔
امریکہ کے تجربہ کار فاسٹ بولر علی خان نے انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں دعویٰ کیا کہ ان کا انڈیا کا ویزا مسترد کر دیا گیا ہے۔
بعدازاں علی خان نے ایک ویڈیو پیغام میں بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’ یہ درست ہے کہ تین پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کے ویزے مسترد کر دیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے ہم ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔‘
کرکٹ انفو کے مطابق منگل کے روز امریکی ریاست کولمبو میں جاری تربیتی کیمپ میں فاسٹ بولر علی خان نے ویزا مسترد ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم مزید کوئی تفصیل فراہم نہیں کی تھی۔
علی خان کے علاوہ دیگر دو کھلاڑیوں میں ایک احسان عدیل ہیں، جو پاکستان کے لیے تین ٹیسٹ کھیل چکے ہیں اور دوسرے کھلاڑی محمد محسن ہیں۔
آئی سی سی نے اس معاملے پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
دوسری جانب امریکہ نے ابھی تک 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے فائنل سکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم توقع ہے کہ کولمبو کے کیمپ میں موجود 18 کھلاڑیوں میں سے 15 کو فائنل سکواڈ کے طور پر منتخب کیا جائے گا۔
کرک انفو کا کہنا ہے کہ دوسرے ممالک کی ٹیمیں جیسے عمان، یو اے ای اور اٹلی اس صورت حال کا بغور جائزہ لے رہی ہیں کیونکہ ان کی ٹیموں میں بھی پاکستانی نژاد کھلاڑی شامل ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ کے سکواڈ میں شامل پاکستانی نژاد دو کھلاڑی عدیل رشید اور ریحان احمد بھی ویزے کے منتظر ہیں۔
اگرچہ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ معاملہ ٹورنامنٹ سے پہلے حل کر لیا جائے گا تاہم ویزا حاصل کرنے کا عمل کافی پیچیدہ ہے کیونکہ اس کے لیے انہیں ذاتی طور پر درخواست دینا ہو گی۔

شیئر: