پام ویلج: ’تخلیقی ماحول میں زراعت، سیاحت اور ثقافت کا امتزاج‘
مشرقی ریجن کے الاحسا نخلستان میں واقع ’پام ویلج‘ اپنے متنوع تفریحی پروگراموں اور مشاغل کی وجہ سے عوام میں مقبول ہے۔ پام ویلج ایک ناقابلِ فراموش تجربہ ہے جو ثقافت، ذائقے، دستکاریوں اور تفریحی سرگرمیوں کو یکجا کرتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پام ویلج کھجور کے کاشتکاروں کے لیے اپنی مصنوعات کو مارکیٹ میں متعارف کرانے اور انہیں فروخت کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ الاحسا کی کھجوروں کو متعارف کرانے کے لیے متعدد سٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔
پام ویلج میں مملکت کے مختلف علاقوں سے لوگ روزانہ کی بنیاد پر آ رہے ہیں، جس سے نہ صرف کاشتکاروں بلکہ کھجور کی صنعت سے وابستہ خاندانوں کو بھی فائدہ ہو رہا ہے۔
قومی مرکز برائے کھجور کی جانب سے نخلستان اور کھجور کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے جدید طریقے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
پام ویلج کا مقصد کھجور کی فارمنگ سے وابستہ کاشتکاروں کو جدید تکنیک سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ وہ زیادہ اور معیاری فصل کاشت کر سکیں اور الاحسا کمشنری میں کھجور کی صنعت کو فروغ ملے۔

پام ویلج میں خریداری اور ثقافتی کارنر خصوصی طور پر قائم کیے گئے ہیں، جہاں مقامی گھریلو صنعت سے وابستہ خاندان کھجور اور دیگر مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔ وزیٹرز کے لیے ریستوران اور کافی شاپس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ الاحسا نخلستان میں پام ویلج کا رقبہ 90 ہزار مربع میٹر ہے، جہاں انواع و اقسام کی علاقائی کھجوریں متعارف کرائی جاتی ہیں۔

پام ویلج ایک تخلیقی ماحول کو فروغ دے کر زراعت، سیاحت، اور متنوع ثقافتی و ورثے کی تقریبات کو کامیابی سے یکجا کرتا ہے، اور کھجور کے شعبے کی ترقی میں مدد کے لیے پرعزم ہے۔
