Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جون سے اکتوبر تک جازان میں مختلف اقسام کے شہد کی پیداوار

جازان شہد نمائش ایک ’ثقافتی ونڈو‘ ہے جو علاقے کی فطرت اور ورثے کے ساتھ گہرے تعلق کو اجاگر کرتی ہے۔ 
پہاڑی سلسلوں اور وادیوں میں حدِ نگاہ تک پھیلے، موسمی پھولوں سے بھرے پودوں کے گرد بنی شہد کی فارمیں برسوں سے العیدابی کمشنری کی نمایاں شناخت رہی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جازان کا سرسبز علاقہ شہد کی فارمنگ کے حوالے سے غیرمعمولی شہرت رکھتا ہے۔ یہاں کثرت سے پائے جانے والے پھولوں کے رس سے حاصل ہونے والا شہد نہ صرف انتہائی معیاری ہے بلکہ خوش ذائقہ بھی ہے۔
علاقے میں شہد کی صنعت سے وابستہ کاشتکاروں کا سفر وادیوں میں مخصوص اقسام کے پھولوں کی تلاش سے شروع ہو کر شہد کے قطروں کی شکل میں اختتام پذیر ہوتا ہے۔
شہد نمائش میں وزیٹرز کو شہد کی پیداوار کے مراحل سے آگاہ کیا جاتا ہے، اور فارمرز کے مطابق شہد کا سیزن مختلف مراحل میں پورے سال جاری رہتا ہے۔

مختلف اقسام کے شہد کی فارمنگ کے سیزن الگ الگ ہوتے ہیں۔ جنوری اور فروری میں ’القتاد‘ شہد حاصل ہوتا ہے، جبکہ فروری کے وسط میں السلام اور السمرہ شہد کی فصل ہوتی ہے۔ مارچ اور اپریل میں یہ شہد مزید دستیاب ہوتا ہے۔
الدوم شہد جون اور جولائی میں، بیری کا شہد ستمبر میں، اور الکرثہ کا شہد اکتوبر میں حاصل کیا جاتا ہے۔
شہد فارمرز کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے پودے اپنے مخصوص سیزن کے مطابق اگتے ہیں، اور ان پر کھلنے والے پھولوں سے شہد کی مکھیاں رس کشید کرتی ہیں۔

نمائش میں وزیٹرز کو شہد کی مکھیاں اور ان کی فارمنگ کے طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔ 
اس کے علاوہ شہد کے چھتوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں اور وزیٹرز کو شہد کے مختلف ذائقوں اور رنگوں سے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
 

 

شیئر: