الباحہ ریجن میں کافی فیسٹیول، مقامی کاشتکار اور کمپنیاں شریک
الباحہ ریجن کی المخواہ کمشنری میں کافی فیسٹیول کے تیسرے ایڈیشن کے تحت مختلف نوعیت کی ثقافتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ فیسٹیول میں 20 سے زائد قہوہ (کافی) کے کاشتکار اور کمپنیاں شریک ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق، فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں کمشنر المخواہ کے علاوہ وزارت پانی، زراعت اور ماحولیات کے ریجنل ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔
فیسٹیول کا انتظام المخواہ کے ’منگل بازار‘ والے مقام پر کیا گیا ہے، جہاں علاقے میں کاشت کی جانے والی مختلف اقسام کی کافی کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
وزارت پانی، زراعت اور ماحولیات کے ریجنل ڈائریکٹر، انجینیئر فہد الزھرانی کا کہنا ہے کہ ’کافی فیسٹیول کا تیسرا ایڈیشن سابقہ کامیاب ایونٹس کا تسلسل ہے، جس کے ذریعے علاقائی کاشتکاروں کو اپنی مصنوعات مقامی اور عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا موقع ملتا ہے۔‘

وزارت پانی، زراعت اور ماحولیات، کاشتکاروں کی ہر طرح سے مدد کے لیے ہمہ وقت مستعد رہتی ہے۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی اوراہم معلومات کی فراہمی کے لیے وزارت کی ٹیمیں کاشتکاروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
الباحہ ریجن کافی کی کاشت کے حوالے سے مشہور ہے۔ یہاں 200 سے زیادہ فارمز ہیں، جہاں 22 ہزار سے زائد درخت پائے جاتے ہیں جو اعلیٰ معیار کی بینز پیدا کرتے ہیں۔
الباحہ میں 1.6 ملین مربع میٹر کا مجموعی رقبہ دستیاب ہے جس میں تین لاکھ درختوں کی گنجائش موجود ہے۔
