کراچی کی رہائشی عمارت میں گیس لیکج سے دھماکہ، 14 افراد ہلاک
جمعرات 19 فروری 2026 11:47
ڈی جی ریسکیو کے مطابق مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے (فوٹو: ریسکیو)
کراچی کے علاقے سولجر بازار میں مبینہ گیس لیکج کے باعث دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں صبح چار بجے کے قریب عمارت میں مبینہ گیس لیکج کے باعث دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقےکو گھیرے میں لےکر سکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ڈی جی ریسکیو 1122بریگیڈئیر واجد نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ گیس دھماکہ عمارت کی پہلی منزل پر ہوا اور یہ گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سےہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ لنجار نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ گیس لیکج کی وجہ سے ہوا۔ ملبے سے اب تک 14 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ملبے میں ایک لاش دبے ہونے کا خدشہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی، متعلقہ محکمہ بتائے گا کہ عمارت قانونی تھی یا غیر قانونی۔ تعین کرکے واقعہ کے زمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘
