’خدمات میں بہتری‘، رمضان میں عمرہ زائرین کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال
’خدمات میں بہتری‘، رمضان میں عمرہ زائرین کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال
جمعرات 19 فروری 2026 12:24
سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (ایس ڈی اے آئی اے) رمضان کے مہینے میں عمرہ زائرین کے لیے خدمات کو بہتر بنانے کی خاطر مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا کو بروئے کار لا رہی ہے۔
یہ انیشیٹیو، حکومتی اداروں اور (ایس ڈی اے آئی اے) کے درمیان باہمی تعاون کو ظاہر کرتا ہے جس کے تحت مملکت کی فضاؤں، زمین اور بندرگاہوں کے لیے 24 گھنٹے تکنیکی سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ اس سے زائرین کو مملکت میں داخلے سے لے کر واپسی تک ہر طرح کی سہولت ملے گی۔
حرمین شریفین میں ہر طرح کی خدمات اور تعاون کے سعودی قیادت کے عہد سے ہم آہنگ ہو کر (ایس ڈی اے آئی اے)، وزارتِ داخلہ، حج اور عمرہ کے لیے قائم کی گئی سپیشل فورسز نے ایسے ایلگوردم یا حساب و شمار تیار کیے ہیں جن سے حرمینِ شریفین میں خدمات میں بہتری آئے گی اور زائرین بہتر طور پر منظم اور زیادہ محفوظ رہیں گے۔
(ایس ڈی اے آئی اے) مملکت کے بڑے ہوائی اڈوں پر تکنیکی سپورٹ فراہم کرتی ہے جن میں جدہ میں واقع شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ایئرپورٹ بھی شامل ہے۔
اس طرح زائرین کا داخلہ اس مصروف مہینے میں ایک منظم طریق کار کے تحت ہوتا ہے۔ اتھارٹی کی ٹیمیں اس بات کی نگرانی کر رہی ہوتی ہیں کہ خود کار نظام میں تیاری کی سطح کیسی ہے اور وہ کسی بھی مسئلے کو کتنی جلدی حل کر سکتا ہے۔
ڈیجیٹل تبدیلی کی وجہ سے (ایس ڈی اے آئی اے) حرمین شریفین کی نگرانی کے امور کی جنرل اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے اور محفوظ ڈیجیٹل طریقے استعمال کر رہی ہے۔ یہ انیشیٹیوز مملکت کی طرف سے ڈیجیٹل خدمات کو بہتر بنانے کی اہمیت کو واضح کرتے ہیں۔
اداروں کی جانب سے فضاؤں، زمین اور بندرگاہوں کے لیے 24 گھنٹے تکنیکی سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
اسی طری حج اور عمرہ کے لیے قائم کی گئی سپیشل فورسز کے ساتھ مل کر (ایس ڈی اے آئی اے) ہجوم کے بندوبست کا کام بھی کر رہی ہے جس میں مسجدالحرام کے دروازوں سے داخل ہونے اور باہر نکلنے والے افراد کی گنتی اور مطاف اور صحن میں کسی ایک وقت پر لوگوں کی تعداد کا تعین بھی کرتی ہے تاکہ لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے کا بہتر انتظام کیا جا سکے۔
رمضان میں توکلنا ایپلی کیشن بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے جس کے ذریعے زائرین کو عمرے اور نماز کے پرمٹ دستیاب ہو جاتے ہیں اور مختلف ایونٹس کے نوٹیفیکیشن ملتے رہتے ہیں۔ یہ ایپلی کیشن براہِ راست وزارتِ حج اور عمرہ سے منسلک ہے اور حرمینِ شریفین سے براہِ راست پیغامات نشر کر رہی ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ توکلنا میں کئی ڈیجیٹل خدمات بھی پیش کی جاتی ہیں جن میں قرآنِ پاک تک رسائی، قبلے کی سمت کا تعین، اوقاتِ نماز، اعتکاف کے اجازت نامے اور مطاف میں کسی ایک وقت پر لوگوں کی تعداد بھی اسی ایپلی کیشن سے معلوم ہو سکتی ہے۔ استعمال کنندگان ایپ کے ایک ویجٹ کے ذریعے مقامی اور عالمی اوقاتِ نماز جان سکتے ہیں۔ اس ویجٹ میں کاؤنٹ ڈاؤن اور الرٹ کا فیچر بھی ہے۔