بھکر: داجل چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، دو پولیس اہلکار جان سے گئے، چار افراد زخمی
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی (فوٹو: سکرین گریب)
پنجاب کے ضلع بھکر کے علاقے داجل میں قائم بین الصوبائی چیک پوسٹ پر پیر کی شام قریباً 6 بج کر 54 منٹ پر خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ڈرون آپریٹر شہباز مدنی اور کانسٹیبل فہیم عباس جان سے گئے جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حملے میں کانسٹیبل فہیم عباس اور ڈرون آپریٹر شہباز مدنی جان سے گئے۔
دھماکے کی شدت کے باعث قریبی اہلکاروں اور شہریوں کو بھی نقصان پہنچا۔
زخمیوں میں کانسٹیبل محمد ارشد، محمد علی ولد ریاض حسین شاہ (پولیو ورکر)، راہگیر محمد زبیر ولد محمد فاروق اور محمد حسنین ولد محمد امین سکنہ محمدانی، عمر شامل ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقعے پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے جبکہ شہر اور ہسپتال کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس راؤ عبدالکریم نے مرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل فہیم عباس اور شہباز مدنی نے ملک و قوم کی حفاظت کے دوران فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے زخمی کانسٹیبل ارشد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
واقعے کی نوعیت اور محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
