Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضلع پشین میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، خودکش حملہ آور سمیت پانچ شدت پسند ہلاک

صدر اور وزیراعظم نے پشین میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا (فوٹو: سرکاری میڈیا)
بلوچستان کے ضلع پشین میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت پانچ شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
پیر کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 22’ فروری 2026 کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں بھارتی پراکسی فتنة الخوارج سے تعلق رکھنے والے خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مختلف ہتھیاروں کے ذریعے خارجیوں کی پوری تشکیل کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ ’شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک خودکش بمبار خارجی نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ انڈیا کے زیرِ سرپرستی مزید 4 خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مارے گئے خارجیوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرمِ عمل تھے۔علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرست یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن  عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف یہ مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
صدر اور وزیراعظم کا پشین میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع پشین میں شدت پسندوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’انڈین حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی عکاس ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزم استحکام وژن کے تحت بڑی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

شیئر: