Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں رمضان کی راتیں: روحانی ماحول میں اطمینان اور سکون سے عبادت

 دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین جوق درجوق مسجد الحرام پہنچ جاتے ہیں۔(فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں رمضان المبارک کی راتوں میں تقدس اور سکون کے ساتھ روحانی احساسات ایک بے مثال ماحول میں پروان چڑھتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق غروب آفتاب کے ساتھ مغرب کی اذان کے ساتھ ہی مقدس دارالحکومت کی فضائیں نور سے بھر جاتی ہیں۔ دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین جوق درجوق مسجد الحرام پہنچ جاتے ہیں۔
مسجد الحرام کے بیرونی صحن زائرین سے بھرے ہوتے ہیں۔ ایسے میں امن عامہ اور صحت خدمات فراہم کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیتے ہیں جن کا مقصد زائرین کو ہر طرح کا آرام مہیا کرنا ہے تاکہ وہ اطمینان اور سکون سے اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادتِ الہی میں گزار سکیں۔
روحانی فضا سے بھرے ماحول میں نمازوں کی ادائیگی کے دوران آیات ربانی کی تلاوت دلوں کو اطمینان اور سکون کا باعث بنتی ہے۔
ماہ رمضان میں لوگوں بڑی تعداد محض مسجد الحرام اور اس کے بیرونی صحنوں تک ہی محدود نہیں رہتی بلکہ شہرِ مقدس کے گلی کوچے اور اطراف کی سڑکیں بھی بھر جاتی ہیں۔

رمضان کی رونقیں شہر کے قدیم گلی کوچوں میں بھی نمایاں ہوتی ہیں، گھروں کو مخصوص فانوسوں سے سجا دیا جاتا ہے جو ماہ مبارک کی علامت کے طور پر مانے جاتے ہیں۔
اس مقدس مہینے میں فلاحی کاموں کے حوالے سے بھی مکہ مکرمہ امتیازی شناخت رکھتا ہے۔ سعودی شہری اور یہاں رہنے والے غیرملکی اس ماہ میں اجتماعی اور انفرادی طور پر اعمالِ صالحہ میں سبقت لے جانے کے لیے کوشاں دکھائی دیتے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں رمضان المبارک کی راتیں منفرد روحانی و انسانی تجربے کی گواہ ہوتی ہیں جو اس مقام کے تقدس اور ایام کی فضیلت کو یکجا کرتی ہیں۔
شہرِ مقدس کے مقامات زائرین کی بڑی تعداد کی موجودگی سے منفرد منظر پیش کرتے ہیں جو  لوگوں کے ذہنوں میں انمٹ نقوش کے طور پر محفوظ ہو جاتے ہیں۔

 

شیئر: