وزارت بلدیات اور ہاؤسنگ کا ’بسطہ خیر سعودی عرب 2026‘ انیشیٹیو کا آغاز
جمعرات 26 فروری 2026 11:22
وزارت بلدیات اور ہاؤسنگ نے ’بسطہ خیر سعودی عرب 2026‘ انیشیٹیو کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ منصوبہ اب اپنے دوسرے سال میں داخل ہو چکا ہے جس کا مقصد سٹریٹ وینڈرز کو منظم کرکے اُن کی معاونت، ترقی اور بااختیار بنانا ہے۔
انیشیٹیو کے تحت منظور شدہ مقامات فراہم کیے جائیں گے، پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنایا جائے گا اور وزیٹرزکے تجربے کو مزید خوشگوار بنایا جائے گا۔
وزارت کے مطابق ان اقدامات کا ہدف مملکت بھر کے شہروں میں شہری منظرنامے اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے، یہ اقدام ہر بلدیہ میں پانچ مقامات سے شروع کیا جائے گا اور ہر علاقے میں زیادہ سے زیادہ 350 سیلز آؤٹ لیٹس کو ہدف بنایا جائے گا۔
ہر بلدیہ میں کم از کم دو مقامات کو پائیداری کے پروگرام کے تحت رکھا جائے گا تاکہ رمضان کے بعد بھی سرگرمیاں جاری رہیں۔
اس طرح اس انیشیٹیو کو محض موسمی مہم سے نکال کر ایک منظم، قابلِ توسیع اور پائیدار ماڈل میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔
وزارت نے کہا کہ اس منصوبے نے لائسنس یافتہ سٹالز کو ایک منظم ماڈل کے طور پر بہتر بنایا ہے جو شہروں کی شناخت کی عکاسی کرتا ہے اور مجموعی طور پر شہری منظرنامے کو بہتر بناتا ہے۔

یہ منصوبہ لوگوں کو مستقل اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہ غیر رسمی طور پر کام کرنے والوں کو باقاعدہ اور قانونی نظام میں شامل ہونے کا آسان راستہ بھی فراہم کرتا ہے۔
اس کے نتیجے میں آمدنی میں استحکام، خدمات کے معیار میں بہتری اور مجموعی تجربے کی زیادہ قابلِ اعتماد حیثیت کو فروغ ملتا ہے۔
’بسطہ خیر سعودی عرب 2025‘ میں 1732 وینڈرز نے حصہ لیا اور تقریباً آٹھ لاکھ 14 ہزار وزیٹرز آئے۔

منصوبے کے اختتام کے بعد اس نے 30 فیصد پائیداری کی شرح حاصل کی اور 90 فیصد اطمینان کی سطح ریکارڈ کی، جو اس کے معاشی اور سماجی اثرات کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ اقدام مملکت بھر میں سٹریٹ وینڈرز کو بااختیار بنانے کے لیے وزارت کے منظم اور پائیدار ماڈل کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوا۔