Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا 72 رنز سے کامیاب، زمبابوے ٹورنامنٹ سے باہر

زمبابوے کی جانب سے برائن بینٹ 97 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں انڈیا نے زمبابوے کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔
جمعرات کو چنئی میں انڈیا کے 257 رنز کے بھاری بھرکم ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز ہی بنا پائی۔ برائن بینٹ 97 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سکندر رضا نے 31 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے ارشدیپ سنگھ کی جانب سے تین وکٹیں حاصل کیں۔
زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ نگ کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لیے ایک بھیانک خواب ثابت ہوا۔ جنوبی افریقہ سے پہلے میچ میں شکست کے بعد انڈین بیٹرز نے زمبابوے کی ناتواں بولنگ پر خوب ہاتھ صاف کیے، اور چھکوں چوکوں کی برسات کے بعد اس ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مجموعی سکور 256 رنز بنا ڈالا۔ انڈین بیٹرز نےمجموعی طور پر 17 چھکے لگائے۔
مسلسل ناکامیوں کے بعد ابھشیک شرما نے اس میچ میں نصف سینچری بنائی اور 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہاردک پانڈیا 50 اور تلک ورما 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
تاہم اتنے بڑے مارجن سے فتح کے بعد بھی انڈیا کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے اتوار کو ہر حال میں ویسٹ انڈیز کو ہرانا ہو گا۔ ویسٹ انڈیز کو بھی سیمی فائنل میں جانے کے لیے انڈیا کو شکست دینا ضروری ہے۔
گروپ اے میں جنوبی افریقہ چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور جمعرات کو ہی ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔
اب انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے میچ میں جو فاتح ہو گا وہ اس ہی اس گروپ سے سیمی فائنل کھیلنے والی دوسری ٹیم ہو گی۔

 

شیئر: