نیوزی لینڈ کا اگلا میچ ہارنے کی امید، پاکستان ابھی ٹورنامنٹ سے باہر نہیں:شاہین آفریدی
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ سے ہارنے کے بعد بھی پاکستان ٹورنامنٹ کی دوڑ میں شامل ہے اور اگلے میچ پر پوری طرح توجہ مرکوز ہے۔
انہوں نے پالیکیلے میں انگلینڈ کے ساتھ ہونے والے میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ انگلینڈ کے بلے بازوں نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پچ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی اور ایسے ٹریک پر بڑا سکور ضروری ہوتا ہے۔‘
ان کے بقول ’اگر پاکستان 15 سے 25 تک مزید سکور کر لیتا تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔‘ ‘
واضح رہے کہ سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔
میچ میں انگلش کپتان ہیری بروک کی 51 گیندوں پر سینچری نے انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جبکہ شاہین آفریدی کی چار اور عثمان طارق کی دو وکٹیں بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکیں۔
کرک انفو کے مطابق شاہین آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ’وکٹ پر آپ کو مضبوط شراکت کی ضرورت ہوتی ہے اور مڈل اوورز میں ایک سیٹ بلے باز کا کریز پر موجود ہونا بہت اہم ہوتا ہے۔‘
ان کے بقول ’بدقسمتی سے ہم نے تھوڑے وفقے سے وکٹیں گنوائیں اور اسی وجہ سے ہی 180 یا 190 رنز تک نہیں پہنچ سکے۔‘
شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کی بیٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’جب انگلینڈ کی بیٹنگ جاری تھی تو ہیری بروک کریز پر ٹکے رہے اور پارٹنرشپس آگے بڑھاتے رہے۔ ٹی 20 میں آٹھ یا نو رنز فی اوور کے حساب سے کھیلتے ہوئے پارٹنرشپ ضروری ہوتی ہے جبکہ ہماری طرف سے یہ موقع گنوایا گیا۔‘
انہوں نے مڈل اوورز میں انگلش سپنر عادل رشید کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں اور دباؤ برقرار رکھنے کا کریڈٹ ان کو ہی جاتا ہے۔
شاہین آفریدی نے اپنی حکمت عملی کے حوالے سے بتایا کہ ’میں جب کھیلتا ہوں تو ابتدائی اوورز میں وکٹس لینے کی کوشش کرتا ہوں اور آج اس حوالے سے خصوصی منصوبہ بندی کی تھی کہ پہلی وکٹ کیسے لینی ہے۔‘
انہوں نے ٹیم کو مورال کو بلند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی اپنے اگلے میچ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
ان کے مطابق ’پاکستان ابھی تک ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوا، کرکٹ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے، اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے اگلا میچ جیتنا ہے۔‘