ٹی20 ورلڈ کپ: آج انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا ٹاکرا، پاکستان کی اُمیدیں بھی اسی میچ سے وابستہ
ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں آج انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ ہونے جا رہا ہے تاہم ان دونوں میں سے ایک کی جیت پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں مدد دے سکتی ہے۔
کرک انفو کے مطابق جمعرات کو ہونے والے سپر ایٹ کے میچ میں نیوزی لینڈ نے جہاں سری لنکا کو شکست دی وہیں پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی بھی مشکل بنا دی، جس کے بعد دوڑ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
اب گرین شرٹس کے پاس سیمی فائنل تک پہچنے کی صرف ایک ہی امید باقی ہے اور وہ ہے آج نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا میچ، اگر یہ انگلینڈ کی ٹیم جیت جاتی ہے تو پاکستان کے ’اگر مگر کے ساتھ‘ سیمی فائنل میں پہنچنے کے چانسز برقرار رہیں گے۔
تاہم اگر نیوزی لینڈ یہ میچ جیتنے میں کامیاب رہا تو ایونٹ میں پاکستان کا سفر اختتام پذیر ہو جائے گا اور سری لنکا کے ساتھ ہونے والا آخری میچ محض رسمی ہو گا۔
اگرچہ آج میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو رہا ہے مگر اس کے ساتھ پاکستان کی امیدیں بھی جڑی ہیں۔
کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں آج ہونے والا میچ اگر نیوزی لینڈ جیت جاتا ہے تو وہ اپنے گروپ میں پہلے نمبر پر آجائے گا، تاہم اگر وہ ہارتا ہے اور انگلینڈ جیتتا ہے جو پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے، تو پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بن سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والا سپر ایٹ مرحلے کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستانی کی امیدوں کی ڈور انگلینڈ کی فتح سے جُڑی ہوئی ہے اور اس کے بعد پاکستان سری لنکا کے خلاف نہ صرف میچ جیتے بلکہ نیٹ رن ریٹ کا خسارہ بھی پورا کرے۔
منگل کو ہونے والے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
پالیکیلے میں پاکستان کے 165 رنز کا ہدف انگلینڈ نے آخری اوور کی پہلی گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔
کپتان ہیری بروک کی 51 گیندوں پر سینچری نے انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ شاہین آفریدی کی چار اور عثمان طارق کی دو وکٹیں بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی تھیں۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے تھے۔
اس وقت گروپ ٹو کے سپر ایٹ مرحلے میں سب سے زیادہ چار پوائنٹس انگلینڈ کے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے پاس تین پوائنٹس ہیں، پاکستان کے پاس ایک پوائنٹ ہے جبکہ سری لنکا کے پاس کوئی پوائنٹ نہیں۔
اسی طرح رن ریٹ کے حساب سے دیکھا جائے تو نیوزی لینڈ سب سے آگے ہے جو کہ تین اعشاریہ صفر پچاس پلس ہے، انگلینڈ کا رن ریٹ ایک اعشاریہ چار نو ایک پلس جبکہ پاکستان کا مائنس صفر اعشاریہ چھ چار ایک ہے۔