Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کے ساتھ جھڑپیں: پاکستان شاندار کارکردگی دکھا رہا ہے، صدر ٹرمپ

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’کابل، قندھار، پکتیا، ننگرہار اور خوست میں فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی افغانستان کے ساتھ جھڑپوں کے حوالے سے کہا ہے کہ ’پاکستان شاندار کارکردگی دکھا رہا ہے۔‘
جمعے کی رات کو وائٹ ہاؤس میں صحافیوں نے جب امریکی صدر سے پاکستان اور افغانستان کی جھڑپوں کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ سے کسی نے مداخلت کرنے کے لیے کہا ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ ’وہ ایسا کر سکتے ہیں، لیکن اُن کے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں۔‘
’ان کے پاس ایک عظیم وزیراعظم ہے، ایک عظیم جرنیل ہے۔ یہ وہ دو لوگ ہیں جن کی میں بہت عزت کرتا ہوں، اور میرے خیال میں پاکستان شاندار کارکردگی دکھا رہا ہے۔‘
پاکستان اور افغانستان کے درمیان گذشتہ شب جھڑپوں کا آغاز ہو گیا تھا۔ اور پاکستان کے فوج نے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ’اب تک آپریشن غضب للحق میں 274 خوارج ہلاک کیے جا چکے ہیں جبکہ 400 زخمی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’افغان طالبان رجیم افغانستان میں سرگرم تمام پراکسیز کی ماسٹر پراکسی ہے۔ انہوں نے پاک افغان بارڈر پر 53 مقامات پر فائرنگ کی۔
’کل پوری دنیا میں دیکھا کہ کس طرح طالبان رجیم پراکسیز کی مدد کے لیے عملی طور پر آئی۔ پاکستان نے ان کے تمام حملوں کو ناکام بنایا اور ان کے کواڈ کاپٹرز بھی گرائے۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’افغان طالبان رجیم کے 115 ٹینک اور متعدد بکتربند گاڑیاں تباہ کی گئی ہیں۔ کابل، قندھار، پکتیا، ننگرہار اور خوست میں فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، اس دوران عام شہریوں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ اس لڑائی کے دوران ’وطن کی خاطر اب تک 12 فوجی جوانوں نے اپنی جانیں نچھاور کی ہے جبکہ 27 جوان زخمی ہیں۔‘

شیئر: