Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کی آٹھ منٹ کی ویڈیو میں کیا کہا؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کی گئی آٹھ منٹ کی ویڈیو میں کہا ہے کہ امریکہ نے ’ایران میں بڑے پیمانے پر جنگی کارروائیاں‘ شروع کر دی ہیں۔
 ان کا دعویٰ تھا کہ ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو جاری رکھا ہوا ہے اور ایسے میزائل تیار کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو امریکہ تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ ’اپنی حکومت کا کنٹرول سنبھال لیں۔
ذیل میں ٹرمپ کے خطاب کا مکمل متن پیش ہے:
کچھ ہی دیر پہلے امریکی فوج نے ایران میں بڑے پیمانے پر جنگی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ ہمارا مقصد ایرانی حکومت کی جانب سے لاحق فوری خطرات کو ختم کر کے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے۔ یہ ایک سفاک اور انتہائی سخت، خطرناک لوگوں کا گروہ ہے۔ اس کی دھمکی آمیز سرگرمیاں براہ راست امریکہ، ہمارے فوجیوں، بیرون ملک ہمارے اڈوں اور دنیا بھر میں ہمارے اتحادیوں کے لیے خطرہ ہیں۔
47 برس سے ایرانی حکومت ’امریکہ مردہ باد‘ کے نعرے لگاتی آئی ہے اور خونریزی اور اجتماعی قتل کی ایک نہ ختم ہونے والی مہم چلاتی رہی ہے، جس میں امریکہ، ہمارے فوجیوں اور کئی ممالک کے بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حکومت کے ابتدائی اقدامات میں سے ایک تہران میں امریکی سفارت خانے پر پرتشدد قبضے کی حمایت کرنا تھا، جہاں درجنوں امریکیوں کو 444 دن تک یرغمال رکھا گیا۔ 1983 میں ایران کے حمایت یافتہ عناصر نے بیروت میں میرین بیرکس پر بم حملہ کیا جس میں 241 امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔
سنہ 2000 میں انہیں یو ایس ایس کول پر حملے کا علم تھا اور غالباً وہ اس میں ملوث بھی تھے۔ اس حملے میں کئی افراد مارے گئے۔ ایرانی افواج نے عراق میں سینکڑوں امریکی فوجیوں کو ہلاک اور معذور کیا۔ حالیہ برسوں میں حکومت کے حمایت یافتہ عناصر نے مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی افواج، امریکی بحری اور تجارتی جہازوں اور بین الاقوامی جہازرانی کو بارہا نشانہ بنایا ہے۔ یہ بڑے پیمانے پر دہشت گردی رہی ہے اور ہم اب اسے مزید برداشت نہیں کریں گے۔
لبنان سے یمن اور شام سے عراق تک، اس حکومت نے دہشت گرد ملیشیاؤں کو اسلحہ، تربیت اور مالی وسائل فراہم کیے جنہوں نے زمین کو خون سے رنگ دیا۔ اور یہی ایران کا حمایت یافتہ گروہ حماس تھا جس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر وحشیانہ حملے کیے، جن میں ایک ہزار سے زائد بے گناہ افراد، جن میں 46 امریکی بھی شامل تھے، مارے گئے اور ہمارے 12 شہریوں کو یرغمال بنایا گیا۔ یہ انتہائی سفاک کارروائی تھی، ایسا دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
ایران دنیا میں دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی سرِفہرست ریاست ہے اور حال ہی میں اس نے سڑکوں پر احتجاج کرنے والے اپنے ہی دسیوں ہزار شہریوں کو ہلاک کیا۔ امریکہ کی ہمیشہ سے اور بالخصوص میری حکومت کی پالیسی رہی ہے کہ یہ دہشت گرد حکومت کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔

ٹرمپ کے مطابق ایران نے اپنے جوہری عزائم ترک کرنے کے ہر موقع کو مسترد کیا اور اب ہم مزید برداشت نہیں کر سکتے (فوٹو: اے ایف پی)

میں دوبارہ کہتا ہوں، انہیں کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔ اسی لیے گزشتہ جون آپریشن ’مڈنائٹ ہیمر‘ میں ہم نے فوردو، نطنز اور اصفہان میں حکومت کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ اس حملے کے بعد ہم نے انہیں خبردار کیا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے حصول کی اپنی مذموم کوشش دوبارہ شروع نہ کریں، اور ہم نے بارہا معاہدہ کرنے کی کوشش کی۔ ہم نے کوشش کی۔ کبھی وہ آمادہ ہوتے، کبھی انکار کرتے۔ پھر آمادہ ہوتے، پھر انکار کرتے۔ انہیں معلوم نہیں تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔ وہ صرف برائی کی مشق کرنا چاہتے تھے۔ لیکن ایران نے انکار کر دیا، جیسا کہ وہ دہائیوں سے کرتا آیا ہے۔
انہوں نے اپنے جوہری عزائم ترک کرنے کے ہر موقع کو مسترد کیا اور اب ہم مزید برداشت نہیں کر سکتے۔ اس کے برعکس انہوں نے اپنے جوہری پروگرام کی بحالی اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تیاری کی کوشش کی، جو اب یورپ میں ہمارے قریبی اتحادیوں، بیرونِ ملک تعینات ہمارے فوجیوں کو نشانہ بنا سکتے ہیں اور جلد ہی امریکی سرزمین تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ ذرا تصور کریں کہ اگر اس حکومت کے پاس واقعی جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ کس قدر دلیر ہو جاتی۔
ان وجوہات کی بنا پر امریکی فوج اس نہایت شاطر اور انتہا پسند آمریت کو امریکہ اور ہمارے بنیادی قومی مفادات کے لیے خطرہ بننے سے روکنے کے لیے ایک وسیع اور جاری آپریشن کر رہی ہے۔ ہم ان کے میزائل تباہ کریں گے اور ان کی میزائل صنعت کو زمین بوس کر دیں گے۔ اسے دوبارہ مکمل طور پر مٹا دیا جائے گا۔ ہم ان کی بحریہ کو نیست و نابود کر دیں گے۔
ہم یقینی بنائیں گے کہ خطے میں ان کے حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر مزید خطے یا دنیا کو غیر مستحکم نہ کر سکیں اور ہماری افواج پر حملہ نہ کریں اور نہ ہی آئی ای ڈیز یا سڑک کنارے بموں کے ذریعے ہزاروں افراد کو، جن میں بہت سے امریکی بھی شامل ہیں، شدید زخمی یا ہلاک کر سکیں۔ اور ہم یقینی بنائیں گے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔ پیغام سادہ ہے: انہیں کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں ہوں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ بہادر امریکی ہیروز کی جانیں جا سکتی ہیں اور ہمیں جانی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

یہ حکومت جلد سیکھ لے گی کہ کوئی بھی امریکہ کی مسلح افواج کی طاقت کو چیلنج نہ کرے۔ میں نے اپنی پہلی مدتِ صدارت میں ہماری فوج کو بنایا اور دوبارہ مضبوط کیا اور دنیا میں کوئی فوج اس کی طاقت، قوت اور مہارت کے قریب بھی نہیں۔ میری حکومت خطے میں تعینات امریکی اہلکاروں کے خطرات کم سے کم رکھنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ اور میں یہ بات ہلکے میں نہیں کہہ رہا، ایرانی حکومت قتل کی نیت رکھتی ہے۔
بہادر امریکی ہیروز کی جانیں جا سکتی ہیں اور ہمیں جانی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے، جو جنگ میں اکثر ہوتا ہے۔ لیکن ہم یہ آج کے لیے نہیں بلکہ مستقبل کے لیے کر رہے ہیں۔ یہ ایک عظیم مقصد ہے۔ ہم ہر فوجی کے لیے دعا کرتے ہیں جو بے لوث ہو کر اپنی جان خطرے میں ڈال رہا ہے تاکہ امریکیوں اور ہمارے بچوں کو کبھی جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران سے خطرہ نہ ہو۔
ہم خدا سے دعا کرتے ہیں کہ وہ خطرے میں موجود ہمارے تمام ہیروز کی حفاظت کرے، اور ہمیں یقین ہے کہ اس کی مدد سے ہماری مسلح افواج کے مرد و خواتین کامیاب ہوں گے۔ ہمارے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے، اور وہ کامیاب ہوں گے۔
پاسدارانِ انقلاب، مسلح افواج اور تمام پولیس اہلکاروں سے میں آج رات کہتا ہوں کہ ہتھیار ڈال دیں اور مکمل استثنیٰ حاصل کریں، ورنہ یقینی موت کا سامنا کریں۔ لہٰذا ہتھیار ڈال دیں۔ آپ کے ساتھ مکمل استثنیٰ کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جائے گا یا پھر یقینی موت ہوگی۔ اور ایران کے عظیم اور باوقار عوام سے میں کہتا ہوں کہ آپ کی آزادی کی گھڑی آ پہنچی ہے۔ گھروں میں رہیں، باہر نہ نکلیں۔ باہر نہایت خطرناک صورتِ حال ہے۔ ہر جگہ بم برسیں گے۔ جب ہم مکمل کر لیں تو اپنی حکومت کا کنٹرول سنبھال لیں۔ وہ آپ کی ہوگی۔ شاید نسلوں تک یہ آپ کا واحد موقع ہو۔

ٹرمپ نے ایرانی عوام سے کہا کہ امریکہ زبردست طاقت اور فیصلہ کن قوت کے ساتھ آپ کی پشت پر کھڑا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

کئی برسوں سے آپ امریکہ سے مدد مانگتے رہے، مگر آپ کو کبھی نہیں ملی۔ کوئی صدر وہ کرنے کو تیار نہیں تھا جو میں آج رات کرنے کو تیار ہوں۔ اب آپ کے پاس ایک ایسا صدر ہے جو آپ کو وہ دے رہا ہے جو آپ چاہتے ہیں۔ اب دیکھتے ہیں آپ کیا کرتے ہیں۔
امریکہ زبردست طاقت اور فیصلہ کن قوت کے ساتھ آپ کی پشت پر کھڑا ہے۔ اب وقت ہے کہ آپ اپنی تقدیر کا کنٹرول سنبھالیں اور اس خوشحال اور شاندار مستقبل کو حقیقت بنائیں جو آپ کی دسترس میں ہے۔ یہ اقدام کا لمحہ ہے۔ اسے ضائع نہ کریں۔
خدا امریکہ کی مسلح افواج کے بہادر مردوں اور عورتوں کو سلامت رکھے۔ خدا ریاستہائے متحدہ امریکہ کو برکت دے۔ خدا آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔ شکریہ۔

 

شیئر: