ایران کی جانب سے لاحق خطرے کے خاتمے کا آپریشن شروع کیا ہے: نیتن یاہو
اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نےکہا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ نے ایران کے خلاف ’اپنی بقا کے لیے خطرے کو ختم کرنے‘ کے لیے ایک کارروائی شروع کی ہے اور ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
سنیچر کو نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ’میرے بھائیو اور بہنو، اسرائیل کے شہریو، کچھ ہی دیر پہلے اسرائیل اور امریکہ نے ایران میں موجود دہشت گرد حکومت کی جانب سے لاحق اپنی بقا کے لیے خطرے کو ختم کرنے کے لیے ایک کارروائی کا آغاز کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہماری مشترکہ کارروائی بہادر ایرانی عوام کو یہ موقع فراہم کرے گی کہ وہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں۔ وقت آ گیا ہے کہ ایران کے تمام لوگ جبر و استبداد کی زنجیروں کو توڑ دیں اور ایک آزاد اور امن پسند ایران کی بنیاد رکھیں۔‘
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سنیچر کو اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ ’اسرائیل نے ایران پر پیش بندی کے تحت (احتیاطاً پہلے) حملہ کیا تاکہ اسرائیل کے خلاف خطرات کو ختم کیا جا سکے۔‘
ایک اسرائیلی دفاعی عہدیدار نے بتایا کہ اس کارروائی کے لیے کئی مہینوں سے واشنگٹن کے ساتھ منصوبہ بندی کی گئی تھی اور حملے کی تاریخ ہفتوں پہلے طے کی گئی تھی۔