Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران پر حملوں کے بعد دنیا کی بڑی ایئرلائنز نے پروازیں معطل اور متبادل راستوں پر منتقل کر دیں

ایمریٹس نے اطلاع دی ہے کہ علاقائی فضائی حدود کی بندش کے باعث اس کی متعدد پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کی بڑی بین الاقوامی ایئرلائنز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیانات پر کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جاری حملوں اور اس کے نتیجے میں فضائی حدود کی بندش کے بعد متعدد پروازیں معطل، منسوخ یا متبادل راستوں پر منتقل کر دی گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ایئرلائن السعودیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خطے میں پیش رفت اور فضائی حدود کی بندش کے باعث اس نے کئی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایئرلائن کے مطابق یہ فیصلہ فضائی سلامتی اور سکیورٹی کے معیارات کے مطابق کیا گیا ہے، جبکہ اس کا ایمرجنسی کوآرڈینیشن سینٹر متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر صورت حال کی قریبی نگرانی کر رہا ہے۔ سعودی ایئرلائن نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ ائیرپورٹ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کی صورت حال ضرور چیک کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بکنگ میں درج رابطہ معلومات کے ذریعے مسافروں کو تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا اور مزید معلومات دستیاب ہونے پر آئندہ بیان جاری کیا جائے گا۔
ایئر عربیہ نے بھی کہا ہے کہ بدلتی ہوئی صورت حال اور فضائی حدود کی بندش کے باعث اس کی پروازیں منسوخی، تاخیر یا متبادل روٹس کا سامنا کر رہی ہیں۔ ایئرلائن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ائیرپورٹ جانے سے قبل ویب سائٹ یا کال سینٹر کے ذریعے اپنی پرواز کی صورت حال معلوم کریں۔
ایئر انڈیا نے وسیع پیمانے پر معطلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’مشرقِ وسطیٰ کے بعض حصوں میں پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر مشرقِ وسطیٰ کے تمام مقامات کے لیے ایئر انڈیا کی تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔‘
اماراتی ایئرلائن ایمریٹس نے اطلاع دی ہے کہ علاقائی فضائی حدود کی بندش کے باعث اس کی متعدد پروازیں متاثر ہوئی ہیں اور ایئرلائن نے عارضی طور پر اپنے مرکزی مرکز دبئی سے آپریشنز معطل کر دیے ہیں۔
قطر ایئرویز نے قطری فضائی حدود کی بندش کے باعث دوحہ آنے اور جانے والی پروازوں کی عارضی معطلی کی تصدیق کی ہے۔ ایئرلائن کے مطابق وہ متاثرہ مسافروں کی معاونت کے لیے حکومتی شراکت داروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور فضائی حدود کھلتے ہی آپریشنز بحال کر دیے جائیں گے۔
دوسری جانب الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ برٹش ایئرویز نے تل ابیب اور بحرین کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جس کے ساتھ ہی آپریشنز میں ردوبدل کرنے والی ایئرلائنز کی فہرست میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

 

شیئر: