Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے مصر اور فرانس کے صدور کا رابطہ، خطے کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال

مملکت خطے کے دیگر ملکوں پر ایرائی میزائل حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے  سنیچر کو مصری صدر عبدالفتاح السیسی، فرانس کے صدر ایمونویل میخکواں اور پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران سعودی ولی عہد اور مصری صدر نے خطے کی سنگین صورتحال اور جاری کشیدگی کے علاقائی سلامتی اور استحکام پر پڑنے والے اثرات پر بات کی۔
 صدر السیسی نے مصر کی جانب سےمملکت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور ان اقدامات کی سپورٹ کی جو مملکت نے ایرانی حملوں کے خلاف اپنی خود مختاری، سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے کیے ہیں جس سے خطے کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچا۔
سعودی ولی عہد اور فرانس کے صدر نے ٹیلی فونک رابطے میں خطے کی سنگین صورتحال جاری تناو کے علاقائی سلامتی اور استحکام  پر پڑنے والے اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی ولی عہد نے مملکت اور خطے کے دیگر ملکوں پر ایرائی میزائل حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’سعودی عرب اپنی سرحدوں کے دفاع کے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ برادر ملکوں کی خود مختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے مکمل سپورٹ کا بھی اعادہ کیا۔
قبل ازیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سنیچر کو خطے کے کئی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ایرانی جارحیت پر گفتگو کی۔
یہ رابطے ایسے وقت میں کیے گئے ایران کی جانب سے خلیج کے کئی عرب ممالک کو میزائلوں کا نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل ایرانی حکام نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے سنیچر کی علی الصباح ایران کے مختلف شہروں پر کیے گئے حملوں کے جواب میں کارروائی کا عزم ظاہر کیا تھا۔
ولی عہد نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح، اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے بات چیت کی۔
سعودی ولی عہد نے برادر رہنماؤں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ’سعودی عرب ان کے ممالک کے خلاف ایرانی جارحیت کے جواب میں مدد فراہم کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے۔‘

 

شیئر: