Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علاقائی و داخلی صورتحال خراب، وزیراعظم شہباز شریف نے دورۂ روس مؤخر کر دیا

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے سنیچر کو کیے گئے ایک بڑے حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ علاقائی و داخلی صورت حال کے پیش نظر مشاورت کے بعد دورۂ روس مؤخر کر دیا ہے۔
پاکستانی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ’وزیرِاعظم کا دورۂ روس دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، مگر موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ دورہ مؤخر کیا گیا ہے۔ دورے کی نئی تاریخ کا فیصلہ باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔‘
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے سنیچر کو کیے گئے ایک بڑے حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
اتوار کی صبح ایران کے سرکاری ٹی وی نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کی تصدیق کی جس سے ایران کے مستقبل پر سوال کھڑے ہو گئے ہیں اور خطے میں عدم استحکام کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ایران کے سپریم لیڈر کی ہلاکت کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔
کراچی میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان اس وقت شدید جھڑپیں ہوئیں جب مظاہرین امریکی قونصل خانے کی بیرونی دیوار توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق احتجاج کے دوران 9 افراد فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستے، جہاں سفارتی مشنز اور پارلیمنٹ واقع ہیں، ٹریفک اور عوامی نقل و حرکت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
مظاہرین کی جانب سے اسلام آباد ریڈ  زون میں داخلے کی کوشش کے دوران پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس سے شیلنگ بھی کی ہے۔
لاہور میں بھی سینکڑوں مظاہرین امریکی قونصل خانے کے باہر جمع ہوئے۔ وہاں پولیس کے ساتھ معمولی جھڑپیں ہوئیں لیکن تشدد کی کوئی بڑی اطلاع نہیں ملی۔

 

شیئر: