اسحاق ڈار کا سعودی اور اماراتی ہم منصبوں سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر گفتگو
ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے بعد پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس حوالے سے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا، حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کیا، اور مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سنیچر کی شام سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم، شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
وزیراعظم نے ایران پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی اور بعد ازاں بعض خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور صورت حال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے موجودہ صورت حال میں سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
