Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فضائی حدود کی بندش‘: امارات میں اوور اسٹے جرمانے معاف کرنے کا اعلان

استثنی 28 فروری یا اس کے بعد عائد جرمانوں پر لاگو ہوگا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹس سکیورٹی نے فضائی حدود کی بندش سے متاثر ہونے والوں کے لیے اووراسٹے جرمانے معاف  کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اتھارٹی نے کہا کہ ’موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث روانگی میں تاخیر پرعائد جرمانوں سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔  فضائی حدود کی بندش اور متعدد پروازوں کی عارضی معطلی کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
’ یہ فیصلہ ان تمام افراد پر لاگو ہوگا جو مقررہ وقت پر ملک سے روانہ نہیں ہو سکے، جن میں وزٹ ویزا، سیاحتی ویزا یا ایگزٹ پرمٹ رکھنے والے افراد شامل ہیں، جبکہ وہ رہائشی بھی اس استثنی سے فائدہ اٹھا سکیں گے جنہوں نے روانگی کی تیاری کے لیے ریڈیڈینسی پرمٹ منسوخ کر ا دیا تھا۔‘
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق اتھارٹی نے بتایا یہ استثنی 28 فروری 2026 یا اس کے بعد عائد ہونے والے جرمانوں پر لاگو ہوگا۔
اتھارٹی نے وضاحت کی کہ’ یہ اقدام ان مسافروں کے لیے ہے جو پروازوں کی منسوخی یا ری شیڈولنگ کے باعث مقررہ تاریخ پر ملک سے روانہ نہیں ہو سکے۔‘
اتھارٹی نے بتایا کہ’ ملک کے ایئرپورٹس اور کسٹمر ہیپی نیس سینٹرز میں خصوصی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ یہ ٹیمیں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے مسافروں کے طریقہ کار کو آسان بنانے اور تاخیر یا ازسرنو شیڈول ہونے والی پروازوں سے متعلق معاملات کے حل میں معاونت فراہم کر رہی ہیں۔‘
اتھارٹی نے متعلقہ افراد پر زور دیا کہ وہ اپ ڈیٹس اور کسی بھی ریگولیٹری ہدایات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔ 

 

شیئر: