مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور ایندھن کا بحران، وزیراعظم کی ’کار پُولنگ‘ اور کفایت شعاری اپنانے کی اپیل
جمعرات 19 مارچ 2026 17:27
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال اور ایندھن کی ممکنہ قلت کے پیشِ نظر ملک بھر میں کفایت شعاری کے اقدامات نافذ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ’اشرافیہ‘ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ’ایثار اور قربانی‘ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچت کی مثال قائم کریں۔
وزیراعظم ہاؤس سے جمعرات کو جاری کردہ بیان کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور کھپت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت وفاقی وزرا اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فی الوقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی وجہ سے ایندھن کی عالمی سپلائی چین متاثر ہونے کا شدید خطرہ ہے۔
وزیراعظم نے صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’اب تک کی جانے والی بچت کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو ریلیف دینا ممکن ہوا ہے لیکن آنے والے دنوں میں مزید سخت فیصلے ناگزیر ہو سکتے ہیں۔‘
وزیراعظم نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے لیے اپنی نقل و حرکت کو محدود کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔
اجلاس کے اعلامیے میں مشورہ دیا گیا ہے کہ شہری گاڑیوں کے انفرادی استعمال کے بجائے ’کار پولنگ‘ اور اجتماعی سفری ذرائع کو ترجیح دیں تاکہ قومی سطح پر ایندھن کے ذخائر پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق فوری طور پر طرزِ عمل تبدیل کرنا ہوگا۔
ایندھن کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) کو نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بے قاعدگی یا ذخیرہ اندوزی کا سدِ باب کیا جا سکے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ’بدلتے ہوئے علاقائی تناظر میں پاکستان کو ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار رہنا ہو گا اور پیٹرولیم مصنوعات کے ریکارڈ کی کڑی نگرانی جاری رہے گی تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔‘
