القدیہ سٹی میں واٹر تھیم پارک ’اکواریبیا‘ کی ’سافٹ لانچنگ‘
وزیٹرز کوعالمی معیار کے مقام کا تجربہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
انٹرٹینمنٹ، سپورٹس اور کلچر کے سب سے بڑے مرکز القدیہ سٹی نے عیدالفطر پر مملکت میں اپنی نوعیت کے پہلے واٹر تھیم پارک ’اکواریبیا‘ کی ’سافٹ لانچنگ‘ کی ہے۔
قدیہ سٹی کے مرکزی واٹر تھیم پارک ’اکواریبیا‘ نے جمعے کو سافٹ لانچنگ کے موقع پر منتخب مہمانوں کا خیرمقدم کیا، وزیٹرز کو پہلی مرتبہ عالمی معیار کے مقام کا تجربہ کرنے کا خصوصی موقع فراہم کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں مشرق وسطی کا سب سے بڑا واٹرتھیم پارک مکمل طور پر فعال تھا، تمام رائیڈز مکمل گنجائش کے ساتھ چل رہی تھیں۔
عید الفطر کی تعطیلات کے دوران ’سکس فلیگز‘ قدیہ سٹی آنے والے تمام مہمانوں کا انتخاب خود کار قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا ،جس کا سلسلہ 28 مارچ تک جاری رہے گا۔
قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے مہمانوں کو باقاعدہ افتتاح سے قبل واٹر پارک میں داخل ہونے کا موقع ملے گا۔
سافٹ لانچنگ کا مرحلہ کامیاب ہونے کے بعد جلد باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا، جس میں مختلف آپشنزاور پیکجز شامل ہیں۔
واضح رہے ’اکواریبیا‘ میں مختلف نوعیت کی تفریحی سرگرمیوں کی وسیع رینج کو شامل کیا گیا ہے جن میں ہائی سپیڈ واٹر کوسٹر، ریکارڈ بریکنگ سلائٹڈز، سرفنگ پیکجز اور بڑے ویو پولز کے علاوہ فیملی کے لیے دیگر تفریحی مقامات شامل ہیں۔

سکس فلیگز القدیہ سٹی پہلا تھیم پارک ہے جسے دنیا کے سب سے پڑے سپورٹس ایونٹ، فیسٹیول، کنسرٹ اور ثقافی تقریبات کی میزبانی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ریاض شہر سے 40 منٹ کی مسافت پر طویق پہاڑ کے قلب میں واقع متحرک شہر میں تفریح، سپورٹس اور ثقافتی تجربات کو ایک منفرد انداز میں یکجا کیا گیا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔
