دیوہیکل جھولے اور سواریاں، سکس فلیگز قدیہ سٹی ایڈوینچر سے بھرپور
جمعرات 27 نومبر 2025 12:37
قدیہ انٹرٹینمنٹ سٹی نے ’پاور آف پلے‘ کے تحت تفریح کے نئے انداز متعارف کرائے ہیں، جہاں لوگوں کے لیے بہت سی دلچسپ اور ایڈوینچر سے بھرپور سرگرمیاں موجود ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس منصوبے کا سب سے اہم حصہ سِکس فلیگز قدیہ سٹی ہے، جہاں بڑے جھولے اور تفریحی سواریاں ہیں جو دنیا میں نئے معیار قائم کرنے کے لیے بنائی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ قدیہ سٹی سعودی وژن 2030 کا بنیادی ستون ہے جو معیاری تفریح کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یہ شہر تفریح اور مشاہداتی تجربات کو نئی جہت دیتا ہے، ایسے کھیلوں کے ذریعے جو روایتی حدود سے آگے بڑھ کر زائرین کو حیرت، دلچسپی اور بامعنی تفریح کا منفرد احساس بخشتے ہیں۔
سِکس فلیگز سٹی آف قدیہ منصوبے کی اولین تفریحی مقامات میں سے ہے جو ریاض سے 45 منٹ کی مسافت پر واقع ہے۔

اس کے اہم ترین کھیلوں میں ’فالکن فلائٹ‘ رولر کوسٹر شامل ہے جو دنیا کی تیزترین، طویل ترین اور بلند ترین ہے، جس کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ، بلندی 195 میٹر اور ٹریک کی لمبائی چار کلومیٹر سے زیادہ ہے جبکہ اس کا دورانیہ تقریباً تین منٹ ہے۔
اسی طرح ’سیروکو ٹاور‘ دنیا کا بلند ترین فری فال ٹاور ہے جس کی بلندی 145 میٹر اور گراوٹ کی رفتار تقریباً 130 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچتی ہے۔

اس فہرست میں ’سپٹ فائر‘ بھی شامل ہے جو 127 کلومیٹر فی گھنٹہ کی برق رفتار لانچ، 50 میٹر بلند ڈھانچے اور تقریباً 800 میٹر طویل ٹریک کے ساتھ 90 سیکنڈ کا سنسنی خیز تجربہ فراہم کرتی ہے۔
’جیرو سپن‘ میں 45 میٹر بلند جھولے والا دیوقامت پینڈولم ہے جو عمودی سمت میں بوئنگ 747 طیارے کی اونچائی کے برابر ہے۔

شہر میں فیملی کے لیے ’ریٹلر‘ رولر کوسٹر بھی شامل ہے جس کی رفتار 118 کلومیٹر فی گھنٹہ، بلندی 64.3 میٹر اور ٹریک کی لمبائی تقریباً 800 میٹر ہے جو کان کنی کی ٹرینوں سے متاثر ہو کر تیار کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ’ایڈرینا لائن‘ بھی ہے جس کی بلندی 20 میٹر اور رفتار 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچتی ہے۔

ریکارڈ ساز اور جدید ترین تفریحی تجربات پر مشتمل یہ شاندار مجموعہ ’سِکس فلیگز سٹی آف قدیہ‘ کو سعودی عرب میں عالمی سطح کی تفریح اور مہم جوئی کا نمایاں مقام بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔