اسرائیل کے مزید فضائی حملے، تہران میں دھماکوں کی شدید آوازیں
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح تہران میں شدید دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ اسرائیل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس نے فضائی حملوں کی نئی مہم شروع کر دی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لوکل میڈیا پلیٹ فارم مہر کی جانب سے ٹیلی گرام پر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’تہران میں دھماکے سنے گئے ہیں‘ جبکہ فارس نیوز ایجنسی کا کہنا ہے دارالحکومت میں پانچ مقامات کو فضائی حملوں نشانہ بنایا گیا ہے اور شہر میں دھماکوں کی شدید آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
شہر میں موجود اے ایف پی سے وابستہ ایک صحافی کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی آوازوں کو ایک گھنٹہ گزر جانے کے بعد بھی شہر میں ایک مقام سے گہرا کالا دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے ٹیلی گرام پر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ ’تہران میں ایران کی دہشت گرد حکومت کے بنیادی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنے کے لیے وسیع پیمانے پر حملوں کی لہر شروع کر دی ہے۔‘