جدہ بس سروس کے نیٹ ورک میں توسیع، دو نئے روٹس کا آغاز
بسیں روزانہ شام 4 سے رات 11 بجے تک چلائی جائیں گی (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی (جے ٹی سی) نے شہر میں بس سروس کے نیٹ ورک میں اضافہ کرتے ہوئے دو نئے روٹس شروع کرنے کا اعلا ن کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق نئے روٹس جدہ کے رہائشیوں اور وزیٹرز کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ سروس میں اضافے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
نئے روٹ میں ٹریک نمبر 15 پرنس سلطان روڈ اور نمبر 16 شامل ہے جو کورنیش کو پرنس فیصل بن فہد روڈ سے جوڑے گی۔
دونوں نئے روٹس سے متعدد علاقوں میں رہنے والوں کو سہولت ہو گئی اور بڑی تعداد میں لوگ پبلک بس سروس سے مستفیض ہوسکیں گے۔
نئے روٹس پر بسیں روزانہ شام 4 سے رات 11 بجے تک چلائی جائیں گی جبکہ جمعرات اور جمعے کو لوگوں کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے بسیں رات 2 بجے تک چلیں گی۔
روٹ نمبر 16 کی بسیں سٹیشن 15 سے گزریں گی جبکہ یومیہ 30 ٹرپس ہوں گے، ایک بس سے دوسری بس کا دورانیہ 45 منٹ پر مشتمل ہو گا۔ روٹ نمبر 15 پر یومیہ 35 ٹرپس ہوں گے اور بسوں کا دورانیہ 35 منٹ ہوگا۔
جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ سفر کو آسان بنانے کے لیے بسوں کے روٹ اور شیڈول کے بارے میں براہ راست رسائی کے لیے جدہ بس ایپ ڈاون لوڈ کریں۔
