رمضان میں تاریخی علاقے البلد کے لیے جدہ بس سروس کے سات روٹس
جمعرات 26 فروری 2026 21:40
جدہ کا قدیم علاقہ البد ثقافتی و تاریخی حوالے سے اہم ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
جدہ ٹرانسپورٹ کمپنی نے شہر کے مختلف علاقوں سے رمضان میں بس سروس کے مزید سات روٹس شروع کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نئے روٹس تاریخی علاقے ’البلد‘ کے لیے ہیں جو پبلک بس سروس کا مرکزی جنکنش بھی ہے۔
ٹرانسپورٹ کمپنی کا کہنا ہے’ روٹ نمبر 7 کی بس الخالدیہ سے بلد، نمبر 9 المروہ 3 سے بلد، روٹ نمبر 11 انڈسٹریل سٹی سے بلد، روٹ نمبر 6 التیسیر سے بلد، روٹ 8 مرکزی سبزی منڈی سے بلد، روٹ 10 نیشنل گارڈ ہسپتال سے بلد اور روٹ نمبر 12 السلامہ علاقے سے بلد کے لیے مخصوص ہوگا۔‘

واضح رہے جدہ شہر کا قدیم علاقہ البلد ثقافتی و تاریخی حوالے سے انتہائی اہم ہے۔ یہاں 650 سے زائد قدیم تاریخی عمارتیں ہیں جبکہ پانچ قدیم و روایتی بازار اور 36 پرانی مساجد ہیں۔
علاقے کو سال 2014 میں یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا، دنیا بھر سے یہاں سیاح آتے ہیں۔ ماہ رمضان میں اس علاقے کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے ۔
ٹرانسپورٹ کمپنی کا کہنا ہے’ وہ افراد جو رمضان میں البلد کے تاریخی علاقے میں جانے کے خواہاں ہیں وہ بس سروس کا انتخاب کریں۔ ڈیجیٹل نقشے اور بسوں کی ٹریکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔‘
