جی سیون اجلاس: شہزادہ فیصل بن فرحان کی فرانس اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ سے ملاقات
جمعرات 26 مارچ 2026 18:03
خطے کی حالیہ صورتحال اور اس حوالے سے کوششوں پر بات کی گئی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو جی سیون وزارتی اجلاس کے موقع پر فرانس کے وزیر خارجہ جین نول بیروٹ اور کینیڈین ہم منصب انیتا آنند سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی اور فرانسیسی وزرائے خارجہ نے ملاقات میں سعودی عرب اور فرانس کے تعلقات، انہیں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
خطے کی حالیہ صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بات کی گئی۔
شہزاد فیصل بن فرحان اور کینیڈین وزیر خارجہ کی ملاقات میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیا گیا، موجودہ صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر بات کی گئی۔
فرانس میں سعودی سفیر فہد بن معیوف الرویلی اور وزارت کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ولید بن عبدالحمید السماعیل نے بھی شرکت کی۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ جی سیون کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے بدھ کو فرانس پہنچے تھے۔
اجلاس میں گلوبل گورننس میں اصلاحات، تعمیر نو کے چیلنجز، میری ٹائم سکیورٹی، سپلائی چین اور بین الاقوامی امن و استحکام کو لاحق خطرات سمیت متعدد عالمی امور اور ایشوز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
