سعودی عرب: گلاب انڈسٹری کی سالانہ پیداوار میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ
گلاب کے چھوٹے کاشتکاروں کے لیے معاشی طور پر فائدہ مند ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سٹین ایبل ایگریکلچر رورل ڈیولپمنٹ پروگرام جسے ’ریف السعودیہ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، نے بتایا ہے کہ’ بڑھتی ہوئی عالمی ڈیمانڈ کے ساتھ مملکت میں گلاب انڈسٹری کی سالانہ پیداوارمیں پندرہ فیصد سے زیادہ اضافے کے ساتھ نمایاں ترقی ریکارڈ کی گئی ہے۔‘
ایس پی اے کے مطابق ریف السعودیہ پروگرام کے ترجمان ماجد البریکان کا کہنا ہے’ یہ شعبہ طائف کمشنری میں گلاب کے چھوٹے کاشتکاروں کے لیے معاشی طور پر فائدہ مند ہے۔
مملکت کی سطح پر طائف کا شمار گلاب کی پیداوار میں سرفہرست ہے، یہاں متعدد مقامات پر گلاب فارمز موجود ہیںJ جن میں الھدا، الشفا، الحصبا، القدیرین، وادی محرم، جنوبی طائف، الحویہ اور السیل کے علاقے شامل ہیں۔
گلاب کی کاشت کے لیے ان علاقوں کا مجموعی رقبہ 700 ہیکٹر ہے، جہاں 1300 کے قریب فارمز ہیں، یہاں سے 500 ملین گلاب حاصل کیے جاتے ہیں۔
طائف کمشنری کے ان فارمز کے علاوہ عرق گلاب اور خوشبو تیار کرنے کے لیے 36 فیکٹریاں ہیں۔ 52 ملین ریال مالیت کی خوشبویات تیار کی جاتی ہیں۔
ریف السعودیہ پروگرام کے ترجمان نے واضح کیا کہ’ طائف کا ماحول اور موسم خوشبودار پودوں کی نشوونما کے لیے انتہائی مناسب ہے۔‘
کمشنری میں 20 اقسام سے زائد خوشبودار پودے پائے جاتے ہیں، جن کی اندرون مملکت طلب بہت زیادہ ہے۔ دیسی علاج اورعطر سازی کے لیے انہیں حاصل کیا جاتا ہے۔
ماجد البریکان کا کہنا تھا ’اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزشین (الفاو) نے گلاب کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے متعدد اقدامات اور منصوبوں کے نفاذ میں تعاون کیا، شعبے کو درپیش بعض چیلنجز کی نشاندہی میں آسانی ہوئی ہے۔
