اماراتی صدر اور امیر قطر کی ملاقات، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال
میری ٹائم سکیورٹی اور عالمی معیشت پر اس کے سنگین اثرات پر بات کی گئی ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے منگل کو ابوظبی میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا خیرمقدم کیا۔
وام کے مطابق ملاقات میں فوجی کشیدگی کے دوران خطے کی صورتحال، علاقائی و بین الاقوامی سلامتی، استحکام، میری ٹائم سکیورٹی اور عالمی معیشت پر اس کے سنگین اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر ملکوں کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں پر بھی بات کی گئی، جس میں شہریوں اور سول انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
امارات اور قطر کی سلامتی، خود مختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کی سکیورٹی کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے امارات اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی بات کی۔
امارات کے نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور چیئرمین صدارتی عدالت شیخ منصور بن زاید آل نہیان، وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
قبل ازیں امیر قطر ابوظبی پہنچے تو ایئرپورٹ پر صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ان کا استقبال کیا۔
