دوحہ: شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، شیخ تمیم بن حمد الثانی کو دورۂ پاکستان کی دعوت
دوحہ: شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، شیخ تمیم بن حمد الثانی کو دورۂ پاکستان کی دعوت
منگل 24 فروری 2026 20:04
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
قطر اور پاکستان کے رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اقتصادی شراکت داری کو اعلٰی سٹریٹجک سطح تک بڑھانے کے لیے قطر کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
قطر کے امیر اور وزیراعظم پاکستان نے کثیر الجہتی فورمز کے اندر قریبی تعاون کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور اہم علاقائی مسائل پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا جسے امیر قطر نے بخوشی قبول کر لیا۔ اُن کا دورہ پاکستان کا رواں برس ہی ہو گا۔
اس سے قبل پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ کے سرکاری دورے میں قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی سے بھی ملاقات کی.
اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کی اور علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔‘
شہباز شریف نے دوحہ میں قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی سے بھی ملاقات کی (فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم ہاؤس نے مزید کہا کہ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
’تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، مزدوروں کی نقل و حرکت اور ثقافتی تعاون میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی اور ان تمام شعبوں میں تعاون کو تیز کرنے کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس کو لازمی قرار دیا گیا۔‘
بیان کے مطابق ’دونوں رہنماؤں نے مشترکہ وزارتی کمیشن اور دو طرفہ سیاسی مشاورت سمیت حالیہ اعلیٰ سطحی مصروفیات اور ادارہ جاتی میکانزم کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔‘
قبل ازیں پاکستانی وزیراعظم نے قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی امور سے ملاقات کی تھی۔
قطر کے نائب وزیراعظم شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔
بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی صورت حال بالخصوص ایران اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔