انٹرنیشنل کلچرل فیسٹیول، مدینہ اسلامی یونیورسٹی میں مختلف ثقافتیں ایک ہی چھت تلے جمع
جمعرات 2 اپریل 2026 11:11
مدینہ کی اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی ثقافتی فیسٹیول کے 14ویں ایڈیشن میں بڑے پیمانے پر بین الاقوامی شرکت دیکھنے کو ملی ہے جس میں متعدد اعلیٰ حکام، سفارتکار اور نمائندوں نے شرکت کی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فیسٹیول کے مہمانوں نے 90 سے زیادہ ممالک کے پویلینز کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے ثقافتی مظاہرے دیکھے۔
یہ مظاہرے ہر ملک کی ثقافت کے مختلف پہلو دکھا رہے ہیں اور دنیا کے لوگوں کے درمیان ثقافتی تبادلے کا منظر بھی پیش کر رہے ہیں۔
سفارتکاروں اور نمائندوں نے اس اعلیٰ سطح کے فیسٹیول کی تعریف کی جس نے مختلف ثقافتوں کو ایک ہی چھت تلے جمع کیا۔
انہوں نے مدینہ کی اسلامی یونیورسٹی کے ثقافتی اور انسانی رابطے کو فروغ دینے کے کردار کی تعریف کی، ساتھ ہی میلے کے بھرپور مواد کو سراہا جس میں 400 سے زائد سرگرمیاں اور خاندانوں اور بچوں کے لیے مخصوص جگہیں شامل ہیں۔

یہ فیسٹیول جو سات اپریل تک جاری رہے گا، کا مقصد رابطے اور مکالمے کے اقدار کو مضبوط کرنے اور مدینہ شہر میں موجود عالمی ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنا ہے۔