قصیم: المانعیہ اوئیسس فیسٹیول کی ’گولڈن ڈے‘ تقریبات کا آغاز
گورنر قصیم نے ’گولڈن ڈے‘ تقریبات کے تفریحی پروگراموں کا مشاہدہ کیا (فوٹو: ایس پی اے)
گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود بن عبدالعزیز نے المذنب کمشنری میں المانعیہ اوئیسس فیسٹیول کی ’گولڈن ڈے‘ کی تقریبات کا آغاز کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق گورنر قصیم نے ’گولڈن ڈے‘ تقریبات کے سلسلے تفریحی پروگراموں کا مشاہدہ کیا جن میں موٹرشو، سینڈ ریسنگ، سینڈ بورڈنگ اور کار ڈرفٹنگ چیمپین شپ شامل ہے۔
المذنب کے کمشنر عبدالرحمن السدیس نے گورنر قصیم ریجن کا خیرمقدم کیا اور پروگرام کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے المانعیہ اوئیسس فیسٹیول کے حوالے سے کہا کہ ’حکومتی تعاون سے اس سیاحتی و تفریحی ایونٹ میں مملکت کے مختلف علاقوں سے وزیٹرز بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔‘
گورنر قصیم نے اس بات کی تصدیق کی کہ المانعیہ اوئیسس فیسٹیول معیاری ایونٹس کے ایک مثالی ماڈل کی نمائندگی کرتا ہے جو ملکی سیاحت کو فروغ دینے اور گورنریٹ کی معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’المذنب کمشنری میں ہونے والی سرگرمیاں قابل تعریف ہیں جو اس بات کی عکاس ہیں کہ ریجن میں سیاحتی پوٹینشل موجود ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہاں کے قدرتی دل فریب مناظر سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں جو مملکت میں سیاحتی و تفریحی سرگرمیوں میں معاون ثابت ہوں گے۔‘

گورنرقصیم ریجن نے فیسٹیول کے منتظمین کی کوششوں کو بھی سراہا جن کی شب و روز محنت کے شاندار نتائج برآمد ہوئے جو سیاحت کے فروغ کے لیے اہم ہیں۔
