Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف کا پیٹرول کی قیمت 80 روپے فی لیٹر کم کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔
جمعے کی شب سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’میں پیٹرول پر لیوی فی الفور 80 روپے فی لیٹر کم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ’آج (جمعے کی) رات 12 بجے پیٹرول کی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر سے کم ہو کر 378 روپے 41 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی۔‘
اس کے ساتھ ہی وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی واضح کیا کہ ’پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اطلاق ایک ماہ کے لیے پورے پاکستان پر ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کو ایک لیٹر پر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔‘
’گڈز ٹرانسپورٹ، پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں کو ایک ماہ تک 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار روپے، پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کرایوں کا بوجھ عوام پر نہ پڑے۔‘
انہوں نے اس موقعے پر یہ اعلان بھی کیا کہ ’کفایت شعاری مہم کے تحت وفاقی کابینہ کے ارکان اب دو ماہ کے بجائے اپنی چھ ماہ کی تنخواہ وصول نہیں کریں گے اور یہ رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔‘
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے خطاب میں یہ بھی بتایا کہ ’پاکستان کے چھوٹے کسانوں کے لیے 1500 روپے فی ایکڑ کے حساب سے امداد مہیا کی جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان ریلویز کے حوالے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اکانومی کلاس میں مسافروں کے لیے قطعاً کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا۔‘

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 458 روپے 41 پیسے سے کم ہو کر 378 روپے 41 پیسے ہو گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’آج مہنگائی نے دنیا کی طاقتور معیشتوں کی کمر توڑ دی ہے اور پاکستان بھی اس سے بُری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ میں نے حتیٰ المقدور کوشش کی کہ قومی وسائل کی مدد سے آپ کو مہنگائی کے اثرات سے بچایا جا سکے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’میں نے گذشتہ تین ہفتوں میں آپ پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ڈالنا مناسب نہ سمجھا کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ عام آدمی کے بے پناہ مسائل ہیں۔‘
’میں نے پچھلے تین ہفتوں کے دوران قومی وسائل سے 129 ارب خرچ کر کے آپ تک اس قیامت خیز طوفان کو پہنچنے نہ دیا۔ ہم دعا گو ہیں کہ یہ جنگ جلد سے جلد ختم ہو اور خطے میں امن قائم ہو۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’یہ تمام اعلانات جو جمعرات کو کیے گئے تھے، میں ان کے لیے صوبائی وزراء اعلٰی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس قومی مقصد کے لیے اپنے وسائل مہیا کرنے کے لیے بلاتاخیر کمٹمنٹ کی۔‘

شیئر: