پاکستان خطے میں جنگ رُکوانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے: شہباز شریف
پاکستان خطے میں جنگ رُکوانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے: شہباز شریف
جمعرات 2 اپریل 2026 14:43
وزیراعظم نے کہا کہ ’ہمیں امید ہے پاکستان کی جانب سے جنگ رُکوانے کی کوششوں کامیاب ہوں گی‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’خطے میں جنگ کو دوسرا ماہ شروع ہو گیا ہے اور پاکستان جنگ رُکوانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔‘
جمعرات کو اسلام اآباد میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’خطے میں جنگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے کے لیے پاکستان نے مخلص دوست اور برادر ملک کے طور پر بھرپور کوششیں کی ہیں۔’
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزرا، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرا اعلٰی، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ’نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ایران کے اپنے ہم منصب اور دیگر ممالک کے وزراء خارجہ سے کئی مرتبہ گفتگو کی۔ وہ اس حوالے سے بہت محنت کر رہے ہیںِ ۔ انہوں نے چین کا دورہ کیا، انہیں بازو پر چوٹ بھی آئی لیکن انہوں نے اس کی پروا نہیں کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اسی طرح چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان نے جنگ بندی کرانے کے لیے حتی المقدور کوششیں کی ہیں اور یہ کوششیں اب بھی جاری ہیں، امید ہے ہمیں اس میں کامیابی حاصل ہو گی۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی اس جنگ سے متاثر ہو رہا ہے اور اس صورتِ حال کی وجہ سے ہمیں بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’گذشتہ تین ہفتوں میں حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام پر 100 ارب روپے کا کٹ لگایا۔ وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھا کر اب تک 129 ارب روپے کا بوجھ برداشت کر چکی ہے۔‘
وزیراعظم نے بتایا کہ ’وفای حکومت تیل کی قیمتیں نہ بڑھا کر 129 ارب روپے کا بوجھ اٹھا چکی ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم کے مطابق ’کفایت شعاری مہم کے تحت کابینہ کے ارکان اپنی دو ماہ کی تنخواہوں سے رضاکارانہ طور پر دستبردار ہو گئےتیل کی کھپت میں 50 فیصد کی کٹوتی کی گئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پارلیمنٹ کے ارکان نے بھی اس میں حصہ ڈالا، تیل کی بچت کے لیے 60 فیصد گاڑیوں کا استعمال بند کر دیا گیا۔ اشرافیہ کو بھی ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے وزرا اعلٰی نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وفاق اور صوبے کم اہم منصوبوں کو روکیں تاکہ عام آدمی کا تحفظ کیا جا سکے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کو بتایا کہ ’آبنائے ہُرمز سے پاکستان کے دو تیل بردار جہازوں کی آمد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشیں شامل ہیں۔‘