Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں واٹر تھیم پارک ’اکواریبیا‘ 23 اپریل سے کھولنے کا اعلان

انٹرٹینمنٹ، سپورٹس اور کلچر کے سب سے بڑے مرکز القدیہ سٹی نے  واٹر تھیم پارک ’اکواریبیا‘ کو جمعرات 23 اپریل 2026 سے باضابطہ طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ’اکواریبیا‘ جسے مشرق وسطی کا سب سے بڑا واٹر پارک قرار دیا جاتا ہے، کی گزشتہ ماہ ’سافٹ لانچنگ‘ کی گئی تھی۔
اس دوران منتخب وزیٹرز کو پہلی مرتبہ عالمی معیار کے مقام کا تجربہ کرنے کا خصوصی موقع فراہم کیا گیا تھا۔
یہ پارک، تفریح، سپورٹس اور ثقافت کے لیے ایک عالمی مقام کے طور پر قدیہ سٹی کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی جانب ایک نیا قدم ہے۔
یہ پارک ڈھائی لاکھ مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا ہے جو آٹھ تھیم زون میں تقسیم ہے اور ہر زون، مملکت کے مقامی جنگلی حیات اور مناظر سے متاثر ہے۔ اس میں 7 ڈرائی رائیڈز بھی شامل ہیں۔

فوڈ اور بیوریج کے 25 آؤٹ لیٹس اور سات ریٹیل سٹورز پارک کے اندر واقع ہیں، جہاں مہمانوں کو  تیراکی کے لباس سے لے کر سن کریم اور تحائف سمیت ان کی ضرورت کی ہر چیز مل سکتی ہے۔
یہ پارک روزانہ دوپہر سے رات آٹھ بجے تک کھلا رہے گا جبکہ جمعے کا دن خواتین کے لیے مختص کیا گیا۔
واضح رہے ’اکواریبیا‘ میں مختلف نوعیت کی تفریحی سرگرمیوں کی وسیع رینج کو شامل کیا گیا ہے جن میں ہائی سپیڈ واٹر کوسٹر، ریکارڈ بریکنگ سلائیڈز، سرفنگ پیکجز اور بڑے ویو پولز کے علاوہ فیملی کے لیے دیگر تفریحی مقامات شامل ہیں۔

سکس فلیگز القدیہ سٹی پہلا تھیم پارک ہے جسے دنیا کے سب سے پڑے سپورٹس ایونٹ، فیسٹیول، کنسرٹ اور ثقافی تقریبات کی میزبانی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ریاض شہر سے 40 منٹ کی مسافت پر طویق پہاڑ کے قلب میں واقع متحرک شہر میں تفریح، سپورٹس اور ثقافتی تجربات کو ایک منفرد انداز میں یکجا کیا گیا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔

 

شیئر: