لاہور: پانچ دن پہلے لاپتہ ہونے والے ڈاکٹر کی لاش ہسپتال کی پارکنگ سے برآمد
پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ (فائل فوٹو: ایکس)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے پانچ دن پہلے لاپتہ ہونے والے چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹر کی لاش ہسپتال کی پارکنگ سے مل گئی ہے۔
چلڈرن ہسپتال کے بلڈ بینک کے انچارج ڈاکٹر احمد لطیف کی لاش اتوار کو ہسپتال میں کھڑی گاڑی سے برآمد ہوئی۔
اہلخانہ نے ہسپتال انتظامیہ کو ڈاکٹر احمد لطیف کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد ہسپتال میں تلاش کے بعد ڈاکٹر احمد لطیف کی گاڑی وہاں کھڑی ملی جس میں وہ مردہ حالت میں پائے گئے۔ اس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکٹر احمد گذشتہ چند روز سے گھریلو مسائل کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار تھا۔
ذرائع کے مطابق ’لاش کے پاس سے منشیات بھی ملی ہیں۔ جبکہ پارکنگ میں کھڑی گاڑی کو چار روز سے کسی نے چیک ہی نہیں کیا۔‘
ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم کا کہنا تھا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس واقعے کی وجوہات اور محرکات کا تعین مزید تحقیقات سے ہو گا۔
