Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

این ڈی ایم اے الرٹ: 6 سے 10 اپریل تک ملک بھر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 6 سے 10 اپریل کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے بالائی و وسطی اضلاع میں 6 سے 9 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور شامل ہیں جہاں بارش اور آندھی متوقع ہے۔
جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم 7 اور 8 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش اور آندھی آ سکتی ہے۔
بلوچستان کے شمالی و مغربی اضلاع میں 6 سے 9 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، تربت اور گردونواح میں موسمی اثرات متوقع ہیں، جبکہ ساحلی علاقوں بشمول گوادر میں کہیں کہیں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بالائی و وسطی علاقوں میں 7 اور 8 اپریل کو بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، خیرپور، عمرکوٹ، مٹھی اور بدین میں بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 6 سے 10 اپریل کے دوران بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ 7 سے 9 اپریل کے دوران بارشوں میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان اور ڈی آئی خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث مسافروں کو محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 6 سے 10 اپریل کے دوران بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے۔ استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، وادی نیلم، باغ، حویلی اور پونچھ میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، احتیاط سے گاڑی چلانے اور موسمی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیاحوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
عوام کو بروقت معلومات کے لیے ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘ ایپ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

شیئر: