Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف: قدیم زرعی رسم ’التعشیر‘ بندوق کے ساتھ رقص، گیت اور خوشی

اس سے علاقے کی گہری ثقافتی شناخت کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
طائف میں ایک قدیم روایت ’التعشیر‘علاقائی زرعی رسوم میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے، جو گلاب کی کاشت اور پھولوں کے اتارنے کے سیزن سے مطابقت رکھتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ روایت نہ صرف مقامی زرعی سرگرمیوں کا حصہ ہے، بلکہ اس سے علاقے کی گہری ثقافتی شناخت کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔
قدیم روایت ’التعشیر‘ (فصل کی کٹائی کے وقت قدیم  بندوق کے ساتھ مقامی باردو فائر کرنا) میں گلاب چنتے وقت اجتماعی طور پر گیت گاتے اور خوشی کا اظہار کیا جاتا ہے، جس کا مقصد کسانوں کے مابین یکجہتی کا اظہار ہے۔
علاقے کے ایک کاشت کار غازی النمری کا کہنا تھا’ ’التعشیر‘ اب  پیشے کی شناخت کی علامت بن چکی ہے، جو فصل کی کٹائی کے مشکل مرحلے میں حوصلہ افزائی اور توانائی کا باعث ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ’ یہ روایت، نسل درنسل منتقل ہو رہی ہے اور آج بھی اپنی اصل شکل میں موجود ہے۔‘
 ’التعشیر‘ میں روایتی بندوق ’المقمع‘ کے ساتھ انتہائی مہارت سے رقص کیا جاتا ہے، اس کا خاص پہلو یہ ہے کہ بندوق میں مقامی باردو بھر کر اسے اچھل کر نال کو زمین کی جانب کرتے ہوئے فائر کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا ’ یہ ثقافتی ورثہ، نہ صرف مقامی شناخت کو مضبوط بناتا ہے، بلکہ زرعی سیاحت کو بھی اس سے فروغ ملتا ہے۔‘
 بڑی تعداد میں سیاح گلاب کے فارمز کا رخ کرتے ہیں تاکہ ان روایتی رسوم کو قریب سے دیکھ سکیں اور علاقے کے ثقافتی ماحول سے لطف اندوز ہوں۔

 

شیئر: