شہزادہ فیصل بن فرحان سے اردنی وزیر خارجہ کی ملاقات، خطے کی صورتحال کا جائزہ
بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی کو مسترد کیا گیا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو ریاض میں اردن کے نائبب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران سعودی عرب اور اردن کے تعلقات، انہیں تمام شعبوں میں ترقی دینے کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سعودی عرب، اردن اور دیگرعرب ملکوں کے خلاف ایرانی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے یکجہتی کا اظہار کیا۔ بین الاقوامی قانون اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی کو مسترد کیا گیا۔
انہوں نے بین الاقوامی قانون اور کنونشنز کے مطابق ریاستوں کی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کی ضمانت دینے والے تمام اقدامات کی سپورٹ پر زور دیا۔
شام اور فلسطین کی صورتحال پر پر بات کی گئی، اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے، غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے، خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول اور کشیدگی میں اضافے میں کمی کے لیے جاری کوششوں کی سپورٹ پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر وزرات خارجہ میں سیاسی امور کے انڈر سیکرٹری ڈاکٹر سعود الساطی اور وزارت خارجہ کی مشیر ڈاکٹر منال رضوان بھی موجود تھیں۔
