Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فوج کی ایران کے سعودی عرب پر حملوں کی مذمت، ’یہ غیر ضروری کشیدگی پیدا کر رہے ہیں‘

کانفرنس نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ غیر ضروری کشیدگی پیدا کر رہے ہیں۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدارت ہونے والے کور کانڈر اجلاس میں ایران کے سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ غیر ضروری کشیدگی پیدا کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ کور کمانڈرز فورم نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اصولی سفارتکاری کے لیے پرعزم ہے۔
’پاکستان ایک ذمہ دار اسٹیک ہولڈر کے طور پر علاقائی سلامتی کے استحکام میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔‘
کانفرنس نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ غیر ضروری کشیدگی پیدا کر رہے ہیں، جبکہ ایران کے سعودی عرب پر حملے امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ سعودی عرب کی طرف سے تحمل اور محتاط رویہ ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار کر رہا ہے۔
کانفرنس نے انڈیا اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایما پر کام کرنے والے دہشت گرد پراکسی عناصر، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کو بلا امتیاز ختم کرنے کے عزم کو دہرایا۔ ’آپریشن غضب للحق کی رفتار برقرار رکھی جائے گی یہاں تک کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم نہ ہوں اور پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے۔‘
بیان کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے انڈیا کی جانب سے ’مسلسل گمراہ کن معلومات، بے بنیاد الزامات اور جھوٹے فلیگ آپریشنز‘ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر یہ ہتھکنڈے بے نقاب ہو چکے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق کشمیر میں انڈیا کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت اموات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں۔ چیئف آف ڈیفنس فورسز نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی اور انسداد دہشت گردی کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر ثابت قدمی کو سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے باہمی تعاون سے پاکستان اپنی سکیورٹی کے حوالے سے کامیابیاں مزید مستحکم کر رہا ہے، معاشی استحکام مضبوط کر رہا ہے اور علاقائی و عالمی سطح پر اپنی حیثیت بہتر بنا رہا ہے۔

شیئر: