سعودی عرب میں 71 ہزار کمرشل رجسٹریشن، 47 فیصد ادارے خواتین کی ملکیت
معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی شرکت بڑھ رہی ہے ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ’2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 71 ہزار سے زیادہ کمرشل رجسٹریشن (سجل تجاری) جاری کیے گئے، جن میں 47 فیصد ادارے خواتین کی ملکیت ہیں۔‘
یہ اعداد وشمار ممکت کی معاشی سرگرمیوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کی عکاسی کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق مملکت بھر میں کمرشل رجسٹریشن کی مجموعی تعداد 1.89 ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔
ریاض، مکہ مکرمہ اور الشرقیہ ریجن میں سب سے زیادہ کمرشل رجسٹریشن کا اجرا کیا گیا۔
ریاض ریجن میں 24 ہزار 627، مکہ ریجن میں 14 ہزار 892 اور الشرقیہ ریجن میں 10 ہزار 500 کمرشل رجسٹریشن ریکارڈ کی گئی ہیں۔
گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 240 فیصد سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، خصوصا وہ شعبے جنہیں وژن 2030 میں ہدف بنایا گیا، جن میں ای کامرس، ورچوئل رئیلٹی اور ڈیٹا اینا لیٹکس شامل ہیں۔
میڈیا سیکٹر میں بھی نمایاں ترقی دیکھنے میں آئی ہے، دس فیصد اضافے کے بعد اداروں کی تعداد 1.27 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔
