سعودی عرب میں مقامی سیاحت بڑھ گئی، تین ماہ میں 28.9 ملین سیاح
مقامی سیاحت پر مجموعی اخراجات 34.7 ارب ریال تک پہنچ گئے،(فوٹو:عرب نیوز)
سعودی عرب میں 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مقامی سیاحت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق مقامی سیاحوں کی تعداد 28.9 ملین ریکارڈ کی گئی جو سال گزشتہ 2025 میں اسی مدت کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہے۔
وزارت سیاحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق اسی عرصے میں مقامی سیاحت پر مجموعی اخراجات 34.7 ارب ریال تک پہنچ گئے، جو 8 فیصد زیادہ ہیں۔
سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مقامی اور بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کی مجموعی تعداد 37.2 ملین رہی جبکہ مجموعی سیاحتی اخراجات 82.7 ارب ریال تک پہنچ گئے۔
پہلی سہ ماہی میں سیاحتی رہائشی مقامات 59 فیصد تک استعمال ہوئے۔ مدینہ منورہ 82 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا ۔ مکہ مکرمہ میں 60 فیصد کے ساتھ دوسرے اور جدہ 59 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

رمضان اور عید الفطر کی تعطیلات کے دوران مقامی سیاحت کی مضبوط کارکردگی نوٹ کی گئی۔
اس عرصے میں مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والے مقامی سیاحوں کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ گئی، جو 14 فیصد اضافہ ہے جبکہ اخراجات 10.2 ارب ریال رہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ رہے۔
وزارت سیاحت کا کہنا ہے سعودی عرب میں سیاحت کا شعبہ مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے۔
