پاکستان کی لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت، ’خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان‘
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد ناگزیر ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کی امن کوششوں میں سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر بھی کیا۔
پاکستان کی لبنان کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت
پاکستان نے لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچ رہا ہے۔
جمعرات کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی اقدامات خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور یہ بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں روکنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس مشکل وقت میں لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے اور لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور استحکام کی حمایت جاری رکھے گا۔
