Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران امریکہ مذاکرات: اسلام آباد میں سخت سکیورٹی اور راستوں کی بندش، نیا ٹریفک پلان کیا ہے؟

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے مذاکرات کے پیش نظر سکیورٹی  کے سخت انتظامات کے تحت متعدد راستے بند کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے جمعرات اور جمعے کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق سرکاری دفاتر کے ساتھ ساتھ بعض تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔
اسلام آباد کا ریڈ زون آج غیر متعلقہ افراد اور نجی گاڑیوں کے لیے مکمل طور پر بند ہے اور صرف سرکاری گاڑیوں اور متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 9، 10 اور 11 اپریل تک مختلف شاہراہوں کی بندش کے حوالے سے ڈائیورشن پلان بھی جاری کیا ہے۔
اس پلان کے مطابق جی ٹی روڈ پشاور سے راولپنڈی آنے والے افراد متبادل راستے کے طور پر موٹروے، چک بیلی روڈ اور روات استعمال کریں۔
اسی طرح لاہور جی ٹی روڈ پر پشاور آنے اور جانے والے مسافروں کو بھی روات، چک بیلی روڈ، چکری اور ٹیکسلا موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایف-6، جی-6، جی-5 اور مارگلہ روڈ سے راولپنڈی جانے والے شہریوں کو نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک بھی کو 9th ایونیو راستے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بہارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے مسافروں کو رنگ روڈ، بنی گالہ اور لترال روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل ایونیو زیرو پوائنٹ سے کرال چوک تک ٹریفک بند رہے گی جبکہ کرنل شیر خان روڈ سے فیض آباد جانے والے مسافر 9th ایونیو سگنل سے سٹیڈیم روڈ استعمال کریں گے۔
ایران امریکہ مذاکرات کے دوران پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک براستہ ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے استعمال کرے گی جبکہ  لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد اور راولپنڈی جانے والی ہیوی ٹریفک چک بیلی روڈ سے چکری موٹروے پر منتقل ہوگی۔

اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے مذاکرات کے موقعے پر غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ یہ ڈائیوریشن ٹریفک پلان آئندہ دو روز کے لیے نافذ رہے گا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر نہ کریں اور گھر سے نکلنے سے قبل ٹریفک پلان کا جائزہ لیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے مذاکرات کے موقعے پر غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور امکان ہے کہ یہ مذاکرات جمعہ اور سنیچر تک جاری رہیں۔

شیئر: